این ٹی ڈی سی آفس میں ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح

لاہور (خبرنگار) منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے شاہین کمپلیکس لاہور میں قائم ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کردیا،منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ادارہ ہمیشہ اپنے ملازمین کا خیال رکھتا ہے، سنٹر کے آغاز سے این ٹی ڈی سی کی خواتین افسران و ملازمین کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا،خواتین ملازمین کو سہولیات کی فراہمی، انکے حقوق کا تحفظ ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی تعمیر کےلئے بہت ضروری ہے۔

ڈے کیئر کے قیام سے خواتین کی ورک لائف میں توازن آئے گا جس کے نتیجے میں انکی کام میں توجہ اور کارکردگی میں بہتری آئے گی،ڈے کیئر سنٹر میں آرام دہ ماحول ہے اور اسے کھلونوں، بستر، صوفوں سے آراستہ کیا گیا ، سنٹر میں جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں ایل سی ڈی، فریج اور لاکرز وغیرہ شامل ہیں۔ ڈے کیئر سنٹر کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ایک حصہ شیر خوار بچوں جبکہ دوسرا چار سال تک کی عمر کے بچوں کیلئے ہے۔

این ٹی ڈی سی کی خواتین ملازمین نے ڈے کیئر سنٹر کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا اور انتہائی ضروری سہولت کی فراہمی پر این ٹی ڈی سی انتظامیہ سے اظہار تشکر کیا،منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے ہیومن ریسورس ڈائریکٹوریٹ کے افسران وعملے کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے ڈے کیئر سنٹر کی تکمیل کیلئے انتھک محنت کی۔ اس موقع پر جنرل منیجرز، چیف فنانشل آفیسر، چیف انفارمیشن آفیسر، چیف لاءآفیسراور این ٹی ڈی سی کے دیگر افسران و سٹاف بھی موجود تھے۔