وزیراعظم کی ملاقات،امیر قطر نے دور ہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

دو حہ (مشرق نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے دوحہ پہنچنے کے بعد امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا
،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اقوام متحدہ کے زیراہتمام کم ترقی کرنیوالے ممالک کی کانفرنس کے پانچویں اجلاس میں شرکت کیلئے قطر پہنچے ،وزیراعظم شہبازشریف اور شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے دوطرفہ باہمی مفاد کے وسیع تر امور ،معاشی وسرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں پہلے سے استوار بہترین تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا
امیر قطر نے قطر کی ترقی میں پاکستانی محنت کشوں کی کاوشوں کو سراہا اور خاص طورپر قطر کی میزبانی میں فیفاورلڈ کپ 2022 کے کامیاب انعقاد کے موقع پر پاکستانی سکیورٹی حکام کے شاندار کارکردگی کو سراہا، ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کی ترقی کے منصوبوں میں قطر کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا
قطر کیساتھ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے ، دوطرفہ سرمایہ کاری، تجارت و پاکستان سے ہنرمند افراد کی قطر برآمد کے طریقوں اور ذرائع بڑھانے پر بات چیت ہوئی، امیر قطر نے وزیراعظم شہبازشریف کو قطر آمد پر خوش آمدید کہا،معاشی تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا
انہوں نے پاکستان کی ترقی کے ایجنڈے میں قطر کی طرف سے بھرپور تعاون کے پختہ عزم و حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے امیر قطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا، دریں اثنا اپنی ٹوئٹ میںوزیراعظم شہباز شریف نے کہا امیر قطر شیخ تمیم بن حماد کی دعوت پر قطر آیا ہوں
کانفرنس میں سماجی و معاشی چیلنجز پر پاکستان کا موقف سامنے رکھوں گا،کم ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ،شہباز شریف نے کہا5ویں اقوام متحدہ کی کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس میں شرکت کروں گا، ایشیا اور افریقہ کے ممالک کو درپیش چیلنجز سے متعلق نقطہ نظر پیش کروں گا
شہبازشریف نے مزید کہاکم ترقی یافتہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں و وبائی امراض کا سامنا ہے، عوام کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھ کر کم ترقی یافتہ ممالک کی مدد کی جانی چاہیے۔