الیکشن کمیشن عدالتی حکم پر عملدرآمد کیلئے تیار،صدر،گورنر کو مشاورت کیلئے خط لکھنے کافیصلہ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن عدالتی حکم پر عملدرآمد کیلئے تیار،صدر،گورنر کو مشاورت کیلئے خط لکھنے کافیصلہ،تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کافیصلہ کرتے ہوئے صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا کو مشاورت کیلئے خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا کو خط لکھنے کا حتمی فیصلہ آج ہونےوالے اجلاس میں ہو گا، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے تیار ہے، انتخابی شیڈول 54 دن پر محیط ہوگا، اداروں کے عدم تعاون پر آرٹیکل 220 کا سہارا لیا جائے گا،دریں اثنا وزارت داخلہ کو سکیورٹی اور وفاقی حکومت کو فنڈز کی فراہمی کےلئے مراسلہ لکھنے کا فیصلہ بھی کرلیاگیا،الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریر کیے جانےوالے مراسلے میں وزارت خزانہ سے 30 ارب کی فوری فراہمی کا تذکرہ کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن آرٹیکل 220 کے تحت وفاقی حکومت اور اداروں کو احکامات جاری کرے گا،ادھر ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے متعلقہ ونگز کو تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی،سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان الاٹ کرنے کیلئے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 216 کے تحت 8 مارچ تک درخواستیں طلب کر لی گئیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق درخواستیں 8 مارچ تک سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بھیجی جا سکتی ہیں، تاخیر سے بھیجی گئی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا، درخواستوں کےساتھ بیان حلفی بھی جمع کرانا ہوگا،علاوہ ازیںالیکشن کمیشن نے کے پی نگراں حکومت کو ٹرانسفر پوسٹنگ کی اجازت دےدی،الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے سے صوبائی نگران حکومت کوآگاہ کردیا، الیکشن کمیشن کے مطابق پی کے کی نگران حکومت گریڈ 16 تک پوسٹنگ اینڈ ٹرانسفر کرسکتی ہے۔