وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں ججز کی تعیناتی سے روکدیاگیا
اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں ججز کی تعیناتی سے روک دیاگیا،تفصیلات کے مطابق جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کے2 رکنی بنچ نے گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی کیخلاف کیس پر سماعت کی،اٹارنی جنرل نے کہا جواب دینے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دی جائے ،وزیراعلیٰ جی بی کے وکیل مخدوم علی خان نے مخالفت کرتے ہوئے کہا ایک سال سے مقدمہ زیر التوا ہے، کیس عدالت میں ہے پھر بھی ججز کی تعیناتیاں کی جارہی ہیں،جسٹس مظاہر نے استفسار کیا کیا وزیراعلیٰ کی ایڈوائس ججز تعیناتی میں ضروری ہے؟ جبکہ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ایک2ہفتے تعیناتیاں نہ بھی ہوں تو کچھ نہیں ہوگا، ججز چارج سنبھال چکے ،نوٹس دینے کی قانونی حیثیت آئندہ سماعت پرطے کریں گے،جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا جی بی میں ججز تعینات کون کرتا ہے؟ اٹارنی جنرل نے کہا ججز کی تعیناتی وزیراعظم کرتے ہیں،بعد ازاں عدالت نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں ججز کی تعیناتی سے روک دیا اور مقدمے کے فیصلے تک تعیناتیوں پر حکم امتناع جاری کردیا،سپریم کورٹ نے جی بی سپریم ایپلٹ کورٹ میں تعینات ججز کو بذریعہ رجسٹرار نوٹس جاری کرکے سماعت 15 مارچ تک ملتوی کردی۔

















