پنجاب،کے پی انتخابات، 4 جج الگ، ازدخود نوٹس کیس کی سماعت کرنیوالا بنچ ٹوٹ گیا

اسلام آباد(بیورورپورٹ) پنجاب اور خیبر پختونخوا (کے پی)میں انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرنے والا 9رکنی لارجر بنچ ٹوٹ گیا اور اب عدالت عظمی کا 5 رکنی بنچ کیس کی سماعت کررہا ہے،سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے علاوہ جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس یحییٰ آفریدی نے بھی کیس سننے سے معذرت کرلی ، سماعت کے دوران سپریم کورٹ میں دلائل دیتے ہوئے اٹارنی جنرل آف پاکستان نے کہا صدر کی دی گئی تاریخ پر الیکشن ممکن نہیں،کسی صورت بھی 25اپریل سے پہلے انتخابات ممکن نہیں، 2008میں انتخابات کی تاریخ آگے گئی تھی،اس پر جسٹس منیب اختر نے کہا وہ تو قومی سانحہ تھا، اٹارنی جنرل نے کہا اگر آج الیکشن کا اعلان کریں گے تو 90دن کی حد پر عمل نہیں ہوسکتا،اس موقع پر جسٹس جمال خان مندوخیل بولے آپ کہہ رہے ہیں تاریخ تو دیں پھر ہوتا ہے یا نہیں، پہلے کام کرنے کی نیت تو کریں،چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہم کسی نہ کسی نکتے پر پہنچ رہے ہیں، جہاں آئین خاموش ہے وہاں قوانین موجود ہیں،کل کیس ختم کرنا چاہتے ہیں، یہ کیس اب صرف اسی سوال پر چل رہا ہے انتخابات کی تاریخ دینا کس کا اختیار ہے،چیف جسٹس پاکستان نے کہا 4ممبرز نے خود کو بنچ سے الگ کرلیا ، عدالت کا باقی بینچ مقدمہ سنتا رہےگا، آئین کی تشریح کے لیے عدالت سماعت جاری رکھے گی، آئین کیا کہتا ہے اس کا دارو مدار تشریح پر ہے، کل ساڑھے 9بجے سماعت شروع کرکے ختم کرنےکی کوشش کریں گے، جب تک حکمنامہ ویب سائٹ پر نہ آجائے جاری نہیں کرسکتے، جسٹس جمال مندوخیل کا نوٹ حکمنامے سے پہلے ہی سوشل میڈیا پر آگیا تھا، مستقبل میں احتیاط کریں گے کہ ایسا واقعہ نہ ہو،چیف جسٹس نے حکم دیا وکیل علی ظفر دلائل کا آغاز کریں، آگاہ کریں عدالت یہ کیس سنے یا نہیں؟ آگاہ کیا جائے عدالت یہ مقدمہ سن سکتی ہے یا نہیں؟کل ہر صورت مقدمےکو مکمل کرنا ہے،عدالت کے حکم پرسپیکرز کے وکیل علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ پنجاب نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر کو ارسال کی، گورنر اسمبلی تحلیل کرنے کے پابند تھے لیکن انہوں نے نہیں کی، گورنر کے انکار پر 48گھنٹے میں اسمبلی ازخود تحلیل ہوگئی،کوئی آئینی عہدیدار بھی انتخابات میں90دن سے زیادہ تاخیر نہیں کرسکتا، پنجاب میں 90دن کا وقت 14جنوری سے شروع ہوچکا ہے،جسٹس محمد علی مظہر کے سوال پر علی ظفر نے کہا گورنر کا تقرر صدر مملکت کی منظوری سے ہوتا ہے،جسٹس محمد علی مظہر نے کہا گورنرکے اسمبلی تحلیل کرنے اور آئینی مدت پر ازخود اسمبلی تحلیل ہوجانے میں فرق ہے،وکیل علی ظفر کا کہنا تھا کوئی آئینی عہدیدار بھی انتخابات میں90دن سے زیادہ تاخیر نہیں کرسکتا، پنجاب میں 90 دن کا وقت 14جنوری سے شروع ہوچکا ہے،جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کرنا کس کا کام ہے؟،علی ظفر نے کہا انتخابات کی تاریخ کا کون ذمہ دار ہے اسی معاملے پر ازخود نوٹس لیا گیا ہے،جسٹس محمد علی مظہرکا کہنا تھا آئین کی کوئی ایسی شق نہیں جو انتخابات میں90 دن کی تاخیرکو جسٹیفائی کرے، کیا کوئی انتخابات میں تاخیرکرسکتا ہے؟،وکیل علی ظفر کا کہنا تھا کہ انتخابات میں کوئی تاخیر نہیں کرسکتا، اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیےکہ گورنرپنجاب نے معاملہ الیکشن کمیشن کی کورٹ میں پھینک دیا، اس پر وکیل علی ظفر نےکہا کہ انتخابات کی تاریخ پر پنگ پانگ کھیلا جا رہا ہے،گورنریا الیکشن کمیشن کو عدالت انتخابات کی تاریخ مقررکرنےکا حکم دے سکتی ہے،جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا کہ کیا لاہور ہائی کورٹ میں فریقین کے کہنے پر مقدمہ مخر ہوا ہے؟ وکیل اظہر صدیق کا کہنا تھا انتخابات کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے اس لیے ہائی کورٹ سے موخرہوا،کیل علی ظفر نے کہا لاہور ہائی کورٹ میں جاری انٹراکورٹ اپیل میں کوئی حکم امتناع نہیں دیا گیا،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا لاہور ہائی کورٹ نے انتخابات کی تاریخ کا حکم دیا تھا، کیا کوئی توہین عدالت کی درخواست دائر ہوئی؟ وکیل علی ظفر نے کہا الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر ہوچکی ہے، وکیل اظہر صدیق نے کہا الیکشن کمیشن کی جانب سے توہین عدالت کیس میں مبہم جواب دیا گیا، لاہور میں انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت 16فروری کو ہوئی، اب 21فروری کو ہوگی،چیف جسٹس پاکستان نے سوال کیا کیا لاہور ہائی کورٹ نے اتنے لمبے التوا کی وجوہات دیں؟ ٹھوس وجوہات کے بغیر اہم معاملے میں اتنا لمبا التوا نہیں دیا جاسکتا،وکیل اظہر صدیق نے بتایا الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ میں جواب جمع کرانے کا وقت مانگا جس پر التوا دیا گیا،وکیل علی ظفر نے کہا الیکشن کمیشن نے ہائی کورٹ کے حکم کا احترام نہیں کیا، 14فروری کو لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت دائر کی گئی، صدر مملکت نے معاملے پر 2خطوط لکھے، 8فروری کو پہلے خط میں الیکشن کمیشن کو تاریخ کے اعلان کرنے کا کہا گیا تھا،چیف جسٹس پاکستان نے استفسارکیا کیا صدر مملکت کے پہلے خط کا الیکشن کمیشن نے جواب دیا؟ اس پر وکیل علی ظفر نے کہا میری معلومات کے مطابق پہلے خط کا الیکشن کمیشن نے جواب نہیں دیا،جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے صدر مملکت کا خط ہائی کورٹ کے حکم کے متضاد ہے، ہائی کورٹ نےگورنر سے مشاورت کے بعد تاریخ دینے کا کہا تھا، صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کو تاریخ دینے کا کہا،جسٹس محمد علی مظہر نے کہا الیکشن کمیشن نے تو اپنے جواب میں خود لکھا کہ گورنر سے مشاورت آئین میں نہیں، اگر مشاورت نہیں ہوئی تو کمیشن پھر خود الیکشن کی تاریخ دے دیتا،وکیل علی ظفر کا کہنا تھا الیکشن کمیشن کا موقف ہے انتخابات کی تاریخ وہ نہیں دے سکتا، اصل معاملہ انتخابات کی تاریخ کا ہے جو دینے پر کوئی تیار نہیں، پہلے آپ، نہیں پہلے آپ کرکے تاخیر کی جارہی ہے، صدر نے تاریخ مقرر کرنے کے خط میں تمام حقائق کو واضح کیا،جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا کیا صدر سے کسی نے رجوع کیا تھا کہ تاریخ دیں یا انہوں نے ازخود ایسا کیا؟ وکیل علی ظفر نے جواب دیا بنیادی حقوق کا معاملہ تھا اس لیے صدر کو مداخلت کرنا پڑی، کسی نہ کسی نے تو تاریخ کا اعلان کرنا ہی ہے، اگرعدالت سمجھتی ہے الیکشن کمیشن تاریخ دےگا تو اسے حکم جاری کرے گی، ایسا نہیں ہوسکتا جمہوریت میں خلا چھوڑ دیا جائے، باقی جماعتیں سمجھتی ہیں انتخابات کسی اور ادارے نے کرانے ہیں تو وہ بھی عدالت کو بتادیں،جسٹس منیب اختر نے سوال کیا کے پی میں بھی اسمبلی تحلیل ہوئی ہے وہاں کیا پوزیشن ہے؟ اس پر وکیل علی ظفر نے جواب دیا کے پی میں گورنر نے اسمبلی تحلیل کی ہے، گورنر کے پی نے الیکشن کمیشن کو سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا کہا ہے،گورنر کے پی نے اپنے خط میں سکیورٹی کو بنیاد بنایا ہے، انتخابات کی تاریخ تو گورنر کے پی نے بھی نہیں دی،وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پشاور ہائی کورٹ میں 3 آئینی درخواستیں زیر التوا ہیں،چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا پشاور ہائی کورٹ نے 21 دن کا نوٹس کیوں دیا فریقین کو؟ قانونی نکتہ طےکرنا ہے، یہ کوئی دیوانی مقدمہ تو نہیں جو اتنا وقت دیا گیا،جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کیا گورنر کہہ سکتا ہے دہشت گردی ہو رہی ہے مشاورت کی جائے؟ میری نظر میں گورنر کے پی کو ایسا خط لکھنے کا اختیار نہیں،چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ یہ کیس اب صرف اسی سوال پر چل رہا ہے انتخابات کی تاریخ دینا کس کا اختیار ہے،جسٹس منصور نے کہا الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے تاریخ کے لیے مشاورت آئین میں شامل نہیں،جسٹس محمد علی مظہر نے کہا الیکشن کمیشن اگر خود تاریخ دے دے تو کیا یہ توہین عدالت ہوگی؟ وکیل علی ظفر نے کہا یہ سب تاخیری حربے ہیں، الیکشن کمیشن کا تاریخ دینا آئینی عمل ہے، کسی نے تو انتخاب کی تاریخ کا اعلان کرنا ہے، ایسا نہیں ہوسکتا اس میں الیکشن 10سال تاخیرکا شکار ہوجائے، دوسرا فریق بتادے الیکشن کی تاریخ کس نے دینی ہے، جسے یہ کہتے ہیں اسے تاریخ کا اعلان کرنے دیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہا اگر انتخابات کے لیے حالات سازگار نہیں تو اس کی وجوہات بتائی جائیں،جسٹس محمد علی مظہر نے کہا الیکشن کی تاریخ آئے تو ہی فیصلہ ہوگا اس وقت انتخابات ہوسکتے ہیں یا نہیں، پورا مہینہ ضائع کردیا گورنر نے مشاورت کا کہا ہے،جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا امن وامان کا معاملہ گورنرکا نہیں الیکشن کمیشن کا ہے، کیا امن وامان کا معاملہ انتخابات کی آئینی راہ میں آسکتا ہے؟،چیف جسٹس پاکستان نے کہا سال 2013اور 2018میں اسمبلیوں نے مدت مکمل کی تھی،ڈی جی لا الیکشن کمیشن کا کہنا تھا اسمبلی مدت مکمل کرے تو صدر مملکت انتخابات کی تاریخ مقرر کرتے ہیں،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کے پی میں وزیراعلی کی ایڈوائس پرعملدرآمد ہوا لیکن پنجاب میں نہیں،وکیل علی ظفرکا کہنا تھا اسمبلیاں نہ ہوں تو آئین میں گورننس کا کوئی اور طریقہ نہیں، یہی وجہ ہے انتخابات کے لیے 90دن کی حد مقررکی گئی ہے، 90دن میں الیکشن کا ہونا ضروری ہے، صرف اعلان نہیں،چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا الیکشن کمیشن کا کام انتخابات کرانا ہے،وکیل علی ظفر نے کہا الیکشن کمیشن کے ذمہ انتخابات کے لیے انتظامات کرنا اور الیکشن کرانا ہے، آئین کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی،صوبائی اوربلدیاتی انتخابات کرانے ہیں، آرٹیکل 218، 219 اور 222 الیکشن کمیشن کو انتخابات کی ذمہ داری دیتے ہیں، تمام ایگزیکٹو ادارے انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں، الیکشن کمیشن بے بسی ظاہر کرے تو عدالت کو ایکشن لینا چاہیے،علی ظفر کے دلائل مکمل ہونے کے بعد بینچ نے کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کردی۔