خواتین کو بزنس فرینڈلی ماحول کی فراہمی یقینی بنائینگے،شاہیرہ شاہد

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے کہاہے کہ خواتین انٹر پرینیورز کا ملکی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ہے ،خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے وزارت تجارت ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ،اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی کوششیں لائق تحسین ہیں ، خواتین مجموعی ملکی آبادی کا 51 فی صد ہیں جو ملکی معاشی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کررہی ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں خواتین انٹرپرنیورز کی حوصلہ افزائی کےلئے ”ہر ہنر “نمائش کی پری لانچنگ تقریب اور نمائش کے آفیشل لوگو کی تقریب رونمائی سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے خواتین انٹرپرینیورز کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور یقین دلایا کہ وزارت اطلاعات و نشریات ایونٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کیلئے ایک الگ پلیٹ فارم کے طور ٹی ڈیپ نے ایک اچھی کوشش کی ہے جس سے دور دراز علاقوں کی خواتین اس نمائش کیلئے آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ مرد خواتین کی معاونت کریں۔وفاقی سیکرٹری نے کہاکہ خواتین انٹرپرینیورز کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، اس حوالے سے خواتین کو بزنس فرینڈلی ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔