صحافی نوید چوہدری پر حملے کے ملزم گرفتار نہ ہوئے تو بھرپور احتجاج کرینگے ;سیاسی و مذہبی جماعتیں)

لاہور (کرائم رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے روزنامہ ”مشرق“ کے سٹی رپورٹر اور سینئر صحافی نوید چوہدری پر ٹاﺅن ہال میں شرپسند عناصر کی طرف سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب غنڈہ گرد عناصر کو گرفتار کرے اور انکے خلاف سخت کارروائی کرے وگرنہ جماعت اسلامی صحافی برادری کےساتھ ملکر غنڈہ گرد عناصر کےخلاف سخت احتجاج کرےگی۔تحریک صراط مستقیم وتحریک لبیک کے ترجمان جمیل بیگ جلالی نے سینئر صحافی نوید چودھری پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک بھر میں صحافیوں پر حملے معمول بن گئے ہیں، ملک میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، اگر صحافی محفوظ نہیں تو عوام کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب فوری نوٹس لیکر حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں ورنہ صحافتی برداری کیساتھ ملکر بھرپور احتجاج کر یں گے۔ایوانِ مشائخ پاکستان کے چیئرمین پیرسیدسہیل بخاری اور چیئرمین ایشین ایوارڈز کمیٹی نے روزنامہ ”مشرق“کے سٹی رپورٹر نوید چودھری کو سچ لکھنے پر نامعلوم افراد کی جانب سے قاتلانہ حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزادی صحافت پر یہ حملہ پہلی بار نہیں ہوا بلکہ کئی مرتبہ ہو چکا ہے مگر کبھی کسی کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی خود ایک کامیاب صحافی ہیں، اسلئے وہ جلد نوید چودھری پر قاتلانہ حملہ کرنے والے حملہ آوروں کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے کا حکم صادر فرمائیں تاکہ آئندہ کوئی بھی مافیا کسی صحافی کو سچ لکھنے پرنہ روک سکے۔ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب ابراہیم شاہد نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں پر حملے کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوید چوہدری پر سچ لکھنے کے جرم میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ فرائض منصبی کے دوران پیش آنے والا یہ واقعہ آزادی صحافت کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے اور ناقابل قبول ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ واقعہ میں ملوث غنڈہ گرد عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے اور آزادی صحافت پر آنچ نہ آنے دیں۔پیپلز پارٹی لاہور کے نائب صدر مسرت صدیقی نے کہا ہے کہ نوید چوہدری پر ٹاﺅن ہال میں قاتلانہ حملہ انتہائی قابل افسوس ہے، انہوں نے کہا کہ حملے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے سزا دی جائے تاکہ آئندہ سچ لکھنے والے صحافیوں پر حملے کی جرا¿ت نہ کرسکے۔