تحریک انصاف خودکو ریاست سمجھنابندکرے‘ شیری رحمن

اسلام آباد:(لیڈرنیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ زیادہ تر جعلی خبریں اور گالم گلوچ پی ٹی آئی سے آتی ہے۔ حکومت پر تنقید ریاست پر تنقید نہیں ہے۔پیپلز پارٹی کی مرکزی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز آرڈیننس کو مسترد کر دیا ہے تاہم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں آرڈیننس منظور کیا گیا لیکن تنقید کو غیر ضروری قرار دیا گیا ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ اگر آرڈیننس جعلی خبروں کو روکنا ہے تو پھر جعلی خبروں کی وضاحت کیوں نہیں کرتا؟ یہ حکومت آرڈیننس پر اپنا کاروبار چلا رہی ہے۔ ساڑھے تین سال میں 70 سے زائد آرڈیننس جاری کیے گئے۔ اگر آپ کی نیت ٹھیک تھی تو پارلیمنٹ میں ترامیم کیوں پیش نہیں کی گئیں۔تحریک انصاف خودکو ریاست سمجھنابندکرے‘ہم اس قانون کو چیلنج کریں گے۔