ملک میں احتساب کا عمل نام نہاد ہے‘شاہد خاقان عباسی

کراچی:(لیڈرنیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کو فون کرکے وزیراعظم کی پریشانیاں دور کرنی چاہئیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل نام نہاد ہے۔ نیب کے نئے آرڈیننس کو جاری ہوئے چار ماہ ہوچکے ہیں لیکن کوئی نہیں جانتا کہ کیا کرنا ہے۔ جھوٹے الزامات لگانے کا حق کسی کو نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب نے 500 ارب روپے کس سے برآمد کر کے قومی خزانے میں ڈالے۔ نیب ہاو¿سنگ سکیم کے لیے بنایا؟ آپ کنسلٹنٹ رکھ لیں، یہ آئینی عہدہ ہے، نیب کا چیئرمین آج کل یومیہ اجرت پر ہے، چیئرمین نیب جا کر بتائیں کہ ان کے اثاثے کتنے ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک بل ابھی نافذ نہیں ہوا لیکن بچت کی شرح کم کردی گئی ہے، ہاو¿سنگ لون کو بھی رول بیک کرنے کا کہا ہے، آئی ایم ایف اب اسٹیٹ بینک کو حکم دے گا کہ کیا کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ پاکستان کی تاریخ میں مہنگائی میں بدترین اضافہ دیکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ نااہل اور کرپٹ حکومت سے عوام کی جانیں بچانا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے۔ کوئی نیا تجربہ یا اتحاد نہیں تھا۔مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس عمارت گرانے کے لیے مشہورہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج کل ایک خط بہت وائرل ہے، سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے چیف جسٹس کو تاحیات سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے خط لکھا، یہ خط لکھنے کی کیا ضرورت تھی، حکومت کو نہیں معلوم کہ چیف جسٹس کو کس قسم کی سکیورٹی دی جاتی ہے۔