اسلام آباد:(لیڈرنیوز)ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے کرپشن اور گورننس سے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کرپٹ ترین جبکہ عدلیہ دوسرے نمبر پر کرپٹ ہے۔ کرپشن اور گورننس کے حوالے سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرپٹ اداروں کی فہرست میں پولیس سرفہرست ہے، اس کے بعد عدلیہ، ٹینڈر اور ٹھیکیداری کا شعبہ ہے۔سروے رپورٹ کے مطابق کرپٹ اداروں میں صحت چوتھے، لینڈ ایڈمنسٹریشن پانچویں، لوکل گورنمنٹ چھٹے، ایجوکیشن ساتویں، ٹیکسیشن آٹھویں اور این جی اوز نویں نمبر پر ہیں۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی سروے رپورٹ کے مطابق 51.9 فیصد لوگ سمجھتے ہیں کہ کمزور احتساب کرپشن کی وجہ ہے، 29.3 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ کرپشن طاقتور لوگوں کی لالچ کی وجہ سے ہے، 18.8 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ کم تنخواہ کرپشن کی بڑی وجہ ہے۔ رپورٹ میں 85.6 فیصد شہریوں نے وفاقی حکومت کی خود احتسابی کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔ سروے میں شامل شہریوں کا کہنا تھا کہ سخت ترین سزائیں، کرپٹ افراد کے سرکاری عہدوں پر آنے پر مکمل پابندی کی ضرورت ہے، بلدیاتی نظام نہ ہونے سے بھی کرپشن میں اضافہ ہوا۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے سروے کے مطابق 92 فیصد پاکستانیوں کا خیال ہے کہ مہنگائی اور اشیائ کی قیمتیں گزشتہ تین سالوں میں سب سے زیادہ ہیں۔ گورننس اور پبلک سیکٹر میں نااہلی، کرپشن اور حکومتی معاملات میں مداخلت نے مہنگائی میں اضافہ کیا ہے۔
#Transparency International Pakistan #police is the most corrupt while the judiciary is the second most corrupt



















