حکومت عام آدمی کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے‘ وزیراعظم

اسلام آباد:(لیڈرنیوز)وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ احساس راشن پروگرام سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، مشیر برائے خزانہ شوکت ترین، گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ خالد خورشید، معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کریانہ اسٹورز اور احساس راشن پروگرام کے ممکنہ مستفید ہونے والوں میں شعور اجاگر کرنے میں ضلعی حکام کو شامل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، غریب ترین لوگوں کو اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جارہی ہے۔ عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غریبوں کی سہولت کے لیے رجسٹریشن کا عمل تیز کیا جائے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈچ فلاسفر کی رائے شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جو لوگ تاریخ سے سبق نہیں سیکھتے ان کی غلطیوں کو دہرانے کی مذمت کی جاتی ہے۔


#Prime Minister Imran Khan #government is taking all possible steps for the convenience of common man