نئے پاکستان میں روٹی‘کپڑااورمکان چھیناجارہاہے ‘بلاول

کراچی: بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔ بجٹ میں کراچی پیکیج کا کوئی نام و نشان نہیں ہے۔ ارسا نے تینوں صوبوں کی بات نہیں مانی تو پیپلز پارٹی نے آواز اٹھائی۔والدہ کے منشورکی تعمیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا پاکستان بنائیں جس میں روٹی ، کپڑا ، مکان عام آدمی تک پہنچے ، جونیا پاکستان بن رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے ، نئے پاکستان میں عوام کی روٹی ، کپڑا اور مکان چھینا جارہا ہے۔ 60 سال بعد پانی کی سب سے بڑی قلت کا سامنا کرنا پڑا ، پیپلز پارٹی نے ارسا کے خلاف آواز اٹھائی ، پیپلزپارٹی کے احتجاج کی وجہ سے ارسا کو پیچھے ہٹنا پڑا ، ذوالفقار بھٹو نے تمام صوبوں کو متحد کیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ نہ دے کر ظلم برپا کیا جارہا ہے ، صوبے کی ہر اسکیم کو نشانہ بناکر ختم کیا گیا ہے ، سندھ کو اس کے وسائل نہیں دیئے جارہے ہیں ، کراچی کے لئے پیکیج کی بات کی جارہی تھی لیکن کچھ نہیں ملا۔ اگر ہمیں وسائل اور اپنا حق دیا جاتا تو ہم اور بھی بہتر کام کر سکتے تھے۔ دوسرے صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں غربت کو کم کیا گیا ہے۔ سندھ میں دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ معاشی ترقی دیکھنے میں آئی ہے ، لیکن ہم واویلا نہیں کرتے ۔چیئرمین پی پی پی کا مزید کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں لوگوں کو بے روزگارکیا جارہا ہے ، پاکستان اسٹیل کے 10 ہزار خاندانوں کو بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑے گا ، ہم نے اپنے وقت میں کوئی نوکری نہیں چھینی۔


#Bilawal Bhutto #Karachi #Sindh #PPP #Karachi package #budget #Irsa #Benazir Bhutto #Benazir Bhutto's birthday party #Zulfiqar Bhutto #NFC award