سلیکٹڈ وزیر اعظم کاسلیکٹڈبجٹ قبول نہیں کرینگے‘ بلاول

کراچی:بلاول بھٹو زرداری نے قومی اقتصادی کونسل کے فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے صحت اور تعلیم کے شعبوں کے لئے بجٹ میں مزید فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صحت کے شعبے کے لئے بجٹ میں 30 ارب روپے مختص کرنا کورونا وائرس سے وبا کو لوگوں کے حوالے کرنے کے مترادف ہے ، صحت کے شعبے کیلئے بجٹ 3.3 فیصد اور تعلیم کے شعبے کے لئے 5.5 فیصد فنڈز مختص کرکے عمران خان نے قوم کے مستقبل کے ساتھ مذاق کیا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبے کو نظرانداز کرنے سے ایسے منصوبوں کا افتتاح جو آئندہ دو سال تک کبھی مکمل نہیں ہوسکتے ہیں وہ عمران خان کی نااہلی کو چھپا نہیں پائیں گے۔ عمران خان نے ترقیاتی بجٹ میں بھی سیاست کی۔ ملک میں تقسیم اور احساس محرومی میں اضافہ کیا،سلیکٹڈ وزیر اعظم نے ایک سلیکٹڈبجٹ بنایا جو کسی بھی طرح قبول نہیں کیا جائے گا۔


#Karachi #Bilawal Bhutto Zardari #National Economic Council #budget #Pakistan Peoples Party #corona virus #health sector #Imran Khan