اسلام آباد:چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے معاملے پر تحریک انصاف کی حکومت پر کڑی تنقیدکرتے ہوئے کہاہے کہ عوام اپنے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے ذریعے عمران خان کی آئی ایم ایف ڈیل میں نااہلی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ آئی ایم ایف نے نیازی کو بجلی کے بل بڑھانے کی ہدایت کی اور تحریک انصاف کی حکومت نے بجلی مہنگی کرنے کا آرڈیننس جاری کردیا۔ پی پی چیئرمین نے کہاکہ عمران خان نے آئی ایم ایف کی ہدایات پرملکی معیشت کو چلاکر ملکی وقار کو ملیامیٹ کردیا ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ عمران خان کو اپنی جس کارکردگی پر فخر ہوچکا ہے، عوام ہاتھوں میں بجلی اور گیس کے مہنگے بل لئے اس کارکردگی کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ بلاول نے کہاکہ8 روپے فی یونٹ پر بجلی کا بل پھاڑدینے والے عمران خان اکیس روپے فی یونٹ تک بجلی مہنگی کرکے اپنی کارکردگی کے گن گارہے ہیں۔
بلاول بھٹوزرداری کی پی ٹی آئی حکومت پر کڑی تنقید

















