عمران خان کی فیملی پہلی مرتبہ پس پردہ رابطوں میں شامل، چند دنوں میں بڑی پیشرفت کا امکان

اسلام آباد (مشرق نیوز) تحریک انصاف اور حکام کے درمیان پس پردہ رابطوں میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے کیونکہ اطلاعات کے مطابق پہلی مرتبہ عمران خان کے اہل خانہ بھی براہ راست پس پردہ رابطوں میں شامل ہوگئے ہیں جس سے آئندہ چند روز میں ممکنہ پیشرفت کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

سابق وزیراعظم کے اہل خانہ کی شمولیت کو بڑھتی سیاسی کشیدگی کم کرنے اور عمران خان، ان کے خاندان اور پی ٹی آئی کو درپیش بعض مسائل کو مسلسل محاذ آرائی کے بجائے بات چیت سے حل کرنے کی کوششوں میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

نئے پیدا ہونے والے حالات سے آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ رابطوں کے نتیجے میں پہلے ہی کچھ پیشرفت ہو چکی ہے جس میں عمران خان کے اہلِ خانہ اور ان کی بہنوں کی ملاقات کا انتظام بھی شامل ہے، اس پیشرفت کو مزید رابطوں کیلئے سازگار ماحول بنانے کی جانب ممکنہ مثبت قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یہ توقعات بھی ظاہر کی جا رہی ہیں کہ آئندہ چند روز میں کچھ ٹھوس نتائج سامنے آسکتے ہیں اور ممکن ہے کہ عمران خان کی بہنوں کو اگلے چند روز میں رہائی مل جائے تاہم اب تک ان کی رہائی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔

خیال کیا جاتا ہے کہ پسِ پردہ رابطوں کے اس نئے عمل میں پی ٹی آئی کی جانب سے اہم رابطہ کاروں کے علاوہ بعض حکومتی اور سرکاری حلقے بھی شامل ہیں، ان رابطوں میں شامل لوگ فی الحال اپنی شناخت ظاہر کرنے یا عوامی سطح پر اپنے کردار کا اعتراف کرنے کیلئے آمادہ نہیں ہیں۔

خیال کیا جاتا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان ان رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں لیکن جب اس معاملے پر تبصرے کیلئے ا±ن سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ان مبینہ رابطوں کے کسی بھی پہلو پر بات کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ ایسے معاملات پر بات نہیں کر سکتے۔

عمران خان کے بہنوئی احد خان کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران ان پس پردہ رابطوں کا اعتراف کرتے ہوئے سنا گیا ہے، یہ تازہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سیاسی ماحول میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور بار بار کی محاذ آرائی، عوامی سطح پر ایک دوسرے کیخلاف بیانات اور سخت لب و لہجے سے کوئی بامعنی پیشرفت نہیں ہوسکی۔

اسکے برعکس جاری سیاسی تعطل نے پی ٹی آئی کی قیادت عمران خان کے اہل خانہ اور حکام کو درپیش مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے، اس عمل سے واقف افراد کی رائے ہے کہ عمران خان کے اہلِ خانہ کی شمولیت سے رابطے کے مزید راستے کھل سکتے ہیں اور زیادہ تعمیری طرز عمل کیلئے گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔