واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکہ سمیت دنیا بھر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں اور ایران جنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر ”نو کنگز“ کے عنوان سے احتجاجی ریلیاں منعقد ہوئیں جن میں میڈیا رپورٹس کے مطابق 70 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے جنگ کے خاتمے اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ منتظمین کے مطابق ملک کی 50 ریاستوں میں 3 ہزار سے زائد مقامات پر مظاہرے کئےگئے۔
ریاست مینی سوٹا میں ہونیوالی بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی عوام سے ایران جنگ کے حوالے سے جھوٹ بولا جا رہا ہے اور اس جنگ کو فوری طور پر روکنا ہوگا۔انکا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے انتخابات میں وعدہ کیا تھا کہ وہ جنگوں پر امریکی عوام کے ٹیکس کا پیسہ ضائع نہیں کریں گے مگر اسکے برعکس انہوں نے ایران کیخلاف جنگ چھیڑ دی۔
برنی سینڈرز نے مزید کہا کہ ایران جنگ غیر آئینی ہے کیونکہ اس کیلئے کانگریس سے اجازت نہیں لی گئی جبکہ اس تنازع میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ کے نتیجے میں ہزاروں ایرانی شہری جاں بحق ہوئے اور سینکڑوں تعلیمی ادارے متاثر ہوئے۔
سینیٹر نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے ملکر خطے میں جنگ کو ہوا دی۔ انکا کہنا تھا کہ اس تنازع کے باعث لبنان، مغربی کنارے اور دیگر علاقوں میں بھی انسانی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ مظاہروں کے دوران ہزاروں افراد نے ”اینڈ دا وار“ اور ”نو کنگز“ کے نعرے لگائے جبکہ کچھ مقامات پر اسرائیلی حکومت کے خلاف بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ روسی میڈیا کے مطابق تل ابیب میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین اور بزرگ افراد نے شرکت کی اور ایران جنگ کے خلاف آواز اٹھائی۔
رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز بھی امریکہ کی مختلف ریاستوں میں مزید 3200 احتجاجی مظاہرے متوقع ہیں اور منتظمین کا دعویٰ ہے کہ یہ امریکی تاریخ کے سب سے بڑے احتجاجی مظاہروں میں سے ایک ثابت ہوسکتے ہیں۔
دوسری طرف ایران پر جنگ کیخلاف امریکہ کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک میں لوگوں نے ”نو کنگز“ ریلیاں نکالیں اور احتجاجی مظاہرے کئے، جنگ کے خلاف لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ یونان، اٹلی، فرانس، سپین، روس، جاپان، جنوبی کوریا، جرمنی، نیدر لینڈز ، آسٹریلیا سمیت دیگر ملکوں میں مظاہرین نے ٹرمپ انتظامیہ کیخلاف نعرے لگائے اور جنگ روکنے کا مطالبہ کیا۔
ایران اور حزب اللہکی جانب سے اسرائیل پر حملوں میں بڑے پیمانے پر نقصانات کے بعد اسرائیل میں بھی جنگ مخالف مظاہرے ہوئے جن میں اسرائیلی شہریوں نے جنگ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ تل ابیب میں 1500 اسرائیلیوں نے جنگ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ اس موقع پر اسرائیلی سکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین پر تشدد کیا۔
اسرائیلی پولیس نے جنگ مخالف بینرز اور پوسٹر پھاڑ دیے اور 18 افراد کو گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں ایران جنگ کے خلاف امریکہ میں بڑے پیمانے پر نو کنگ مظاہرے ہوئے، مختلف شہروں میں ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔
ٹرمپ اور جنگ کیخلاف امریکہ سمیت دنیا بھر میں مظاہرے

















