راولپنڈی (مشرق نیوز) چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے راولپنڈی میں اہل تشیع مکتبہ فکر کے علماءنے ملاقات کی جس میں قومی سلامتی اور معاشرتی ہم آہنگی میں علماءکے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے معاشرے میں اتحاد، رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علماءکے اہم کردار پر زور دیا اور کہا کہ گمراہ کن پروپیگنڈا اور فرقہ واریت کا بھرپور مقابلہ کیا جائیگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہل تشیع مکتبہ فکر کے علما سے ملاقات کے دوران معاشرے میں اتحاد، رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علما کے اہم کردار پر زور دیا۔ آپریشن ”غضب للحق“ کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کیخلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کریگا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے خلاف سرگرم دہشت گردوں اور ان کے نیٹ ورکس کا جہاں بھی وجود ہوگا، انہیں درست اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں کے ذریعے ختم کیا جائیگا۔ انہوں نے افغان طالبان پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکیں۔ فیلڈ مارشل نے شرکا کو آگاہ کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے فعال سفارتکاری کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علما اتحاد کے فروغ اور انتہا پسندی کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کریں، اور مذہبی جذبات کو تشدد بھڑکانے کیلئے استعمال نہ ہونے دیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ کسی دوسرے ملک میں پیش آنے والے واقعات کی بنیاد پر پاکستان میں تشدد ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ملاقات میں شریک علما نے امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا اور مذہب کے نام پر ہونے والے تشدد کی شدید مذمت کی۔ علما کرام نے ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
فقہ جعفریہ کے علما و مشائخ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کرتے ہوئے قومی یگانگت اور استحکام پاکستان کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ علما و مشائخ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس کے اختتام پر قومی یکجہتی اور اتحاد کے حوالے سے خصوصی پیغامات بھی جاری کئے۔ علما نے مذہب کے نام پر تشدد کی شدید مذمت کی اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کیلئے ریاستی اداروں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
علما و مشائخ نے دفاع وطن کیلئے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے پاک افواج کے کردار کو سراہا۔
دہشت گردی میں افغان سرزمین کا استعمال برداشت نہیں کرینگے: فیلڈ مارشل



















