آپریشن غضب للحق، اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل سے طالبان کی فوجی پوسٹیں تباہ

اسلام آباد ،راولپنڈی: (بیورورپورٹ)آپریشن غضب للحق،پاک افواج کی افغان طالبان، فتنہ الخوارج کےخلاف تازہ کارروائی ، خیبر سیکٹر میں افغان طالبان کی فوجی پوسٹیں، شمالی وزیرستان میں جھنڈا پوسٹ تباہ کردی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے خیبر سیکٹر سے ملحقہ افغان طالبان کی فوجی پوسٹوں کو اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کے ذریعے مکمل طور پر تباہ کردیا، دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ، شمالی وزیرستان میں بھی کارروائی کے دور ان افغان طالبان کی جھنڈا پوسٹ کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کابل اور ننگرہار میں فضائی حملوں کے دوران فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

ایکس پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے عطا تارڑ نے لکھا پاک فوج نے 16 مارچ کی رات آپریشن غضب للحق کے تحت کامیابی سے اہداف پر فضائی حملے کیے جس میں کابل اور ننگرہار میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو دہشتگردی کی سرپرستی میں ملوث تھیں، کارروائیوں میں کابل اورننگرہارمیں افغان طالبان حکومت کے دہشتگردی کی معاونت کرنےوالے ٹھکانوں کو نشانہ بنایاگیا، کابل میں 2 مقامات پر تکنیکی معاونت کے انفراسٹرکچر ، اسلحہ ذخیرہ گاہیں تباہ کر دی گئیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا حملوں کے بعد ہونےوالے ثانوی دھماکے بڑے اسلحہ ڈپو کی موجودگی کی واضح نشاندہی کرتے ہیں، ننگرہار میں بھی افغان طالبان حکومت کے زیر استعمال 4 فوجی تنصیبات کونشانہ بنایاگیا، کارروائیوں میں لاجسٹکس، اسلحہ اور تکنیکی انفراسٹرکچر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، تمام اہداف کو انتہائی درستی کےساتھ نشانہ بنایا گیا، صرف ان تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو دہشتگرد گروہوں کی معاونت کےلئے استعمال ہو رہی تھیں۔

عطا تارڑ نے کہا افغان طالبان حکومت فتنہ الخوارج ، فتنہ الہندوستان سمیت دہشتگرد نیٹ ورکس کی معاونت کر رہی ہے، طالبان حکومت کا پراپیگنڈا گمراہ کن، حقیقت دنیا اور افغان عوام سے پوشیدہ نہیں، پاکستانی شہریوں کے تحفظ کےلئے آپریشن غضب للحق مطلوبہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔

دوسری جانب افغان جریدے ”افغانستان انٹرنیشنل“ نے پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان کی صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تصدیق کردی، پاکستان نے ہسپتال پر نہیں،200 میٹر دور بمباری کی۔

افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان نے پیر کی رات کابل میں حملے میں کیمپ Phoenix کے دائیں جانب فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے کیمپ کو نشانہ بنایا،طالبان نے حملوں کے بعد قریبی منشیات کے عادی افراد کے ہسپتال کو آگ لگا دی، طالبان کا دعویٰ ہے ہسپتال کو بم سے اڑایا گیا، شائع شدہ تصاویر میں ہسپتال کا سائن بورڈ برقرار ہے اور عمارت جل رہی ہے،افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق افغان طالبان کا دعویٰ ہے منشیات کے عادی افراد کے ہسپتال پر حملے میں سیکڑوں افراد مارے گئے تاہم انہوں نے 20 لاشوں کی تصاویر بھی جاری نہیں کیں،طالبان میڈیا کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں حملے میں زخمی ہونےوالوں میں سے ایک کا کہنا ہے پاکستانی طیاروں نے منشیات کے عادی افراد کے کلینک سے 200میٹر دور اہداف پر بمباری کی۔