سہولت اکاونٹ کے ذریعے سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی حد میں اضافہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) سہولت اکاونٹ کے ذریعے سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی حد میں اضافہ کردیا گیا۔سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے سہولت اکاونٹ کے ذریعے سرمایہ کاری کی حد 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق سہولت اکاونٹ پہلی بار سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کیلئے سرمایہ کاروں کو آسان اور محفوظ طریقہ فراہم کرتا ہے جہاں سرمایہ کار اب ایک سے زائد بروکرز کے ساتھ سہولت اکاونٹس کھول سکیں گے تاہم ایک بروکر کے ساتھ ہر سرمایہ کار صرف ایک سہولت اکاونٹ رکھ سکے گا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ سہولت اکاونٹ صرف شناختی کارڈ کے ذریعے کھولا جا سکتا ہے اور یہ آن لائن بھی دستیاب ہے، جس سے سرمایہ کاروں کو مزید سہولت حاصل ہوگی۔ ایس ای سی پی کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں انفرادی سرمایہ کاروں کے سب اکاونٹس کی تعداد 5 لاکھ 42 ہزار ہے جبکہ انویسٹر اکاونٹس اور روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کی تعداد 1 لاکھ 44 ہزار ہے۔

کمیشن نے سرمایہ کاروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر مجاز غیر ملکی سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کے بجائے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کریں اور نوجوان اس سہولت کے ذریعے کیپٹل مارکیٹ میں شمولیت اختیار کریں۔