ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ شہروں کی بیوٹیفکیشن کے جاری منصوبوں کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جاسکے گا جو موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں بیوٹیفیکیشن کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، اے ڈی سی آر کیپٹن (ر) اسامہ مجید، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد خالد موجود تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمدعثمان جاوید اور ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا نے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال شہر میں جاری ترقیاتی اور خوبصورتی کے کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کی تاکید کی اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ لیبر اور مشینری میں اضافہ کر کے کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے اوکاڑہ شہر میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کام کو دو شفٹوں میں کرنے کی ہدایت دی تاکہ ترقیاتی سرگرمیاں جلد مکمل ہو سکیں۔اجلاس میں امن و امان اور شہریوں کی سہولت کیلئے سیف سٹی منصوبے کے تحت شہروں کی تمام یونین کونسلوں میں کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہدایت دی کہ اس سلسلے میں جامع منصوبہ بندی تیار کر کے پیش کی جائے۔بعد ازاں اجلاس میں حکومت پنجاب کے ویژن“اپنا کھیت اپنا روزگار”پروگرام کے تحت جاری اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی جس میں متعلقہ افسران نے منصوبے کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افتخار علی نے ملاقات کی جس میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں شہر بھر میں جاری صفائی ستھرائی کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔سی ای اوافتخار علی نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ مساجد اور دیگر عبادتگاہوں کے باہر بھی خصوصی صفائی کے انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو عبادات کی ادائیگی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے کنٹریکٹرز، فیلڈ اسٹاف، فیلڈ افسران اور مانیٹرنگ افسران کی کارکردگی بارے بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ صفائی کے نظام کی موثر نگرانی کیلئے باقاعدہ مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے اور شہر کی مرکزی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ اندرون گلیوں کی صفائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ رانا اورنگزیب بھی موجود تھے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ کھیل طلبہ و طالبات کی جسمانی و ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد سپورٹس کے انعقاد کیلئے جامع اور منظم پلان تیار کیا جائے تاکہ طلبہ کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ انہوں نے یہ بات کمشنر آفس میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے زیراہتمام منعقد ہونے والی سپورٹس گیمز کے جائزہ اجلاس میں بتائی۔ اجلاس میں سیکرٹری بورڈ غلام حسین بھٹی سمیت متعلقہ بورڈ افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری بورڈ نے اجلاس کو بورڈ کے زیر اہتمام منعقدگیمز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور سکولوں اور کالجوں کی بندش کے باعث ملتوی ہونے والی گیمز سے بھی آگاہ کیا اور بورڈ کے تحت اب تک منعقدہ مختلف کھیلوں میں طلبہ کی کارکردگی اور نمایاں کامیابیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
شہروں کی خوبصورتی کیلئے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے: کمشنر ساہیوال


















