پاکستان ایران کےساتھ ہے،وزیراعظم کا مجتبیٰ خامنہ ای کو خط،ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد


اسلام آباد:(بیورورپورٹ) مشکل وقت میں ایرانی قیادت و عوام کےساتھ کھڑے ہیں،وزیراعظم کا سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو خط ،ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد،والد کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں ایران کے برادر عوام اور امت مسلمہ کےلئے پاکستانی عوام کی طرف سے تعزیت اور دعاوں کا اظہار کرتے ہوئے کہاخامنہ ای کی شہادت سے پاکستانی عوام شدید دکھی اور مشکل وقت میں ایران کی قیادت و عوام کےساتھ یکجہتی سے کھڑے ،سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہیں،امید ہے آپ کی قیادت آنےوالے برسوں میں امن، استحکام، وقار اور خوش حالی کی طرف ایران کی رہنمائی کرے گی،پاکستان ،ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت و زبان پر مبنی ہیں۔

شہبازشریف نے ایران کےساتھ ملکر کام جاری رکھنے کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دونوں برادر ممالک کے مفاد کےلئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے،ایران کے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت، کامیابی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر عوام کےلئے امن، استحکام اور خوشحالی کےلئے دعا گوبھی ہیں۔

دوسری جانب ا سحاق ڈار نے چینی،بحرینی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطو ں کے دوران مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ،چینی وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی تعمیری کوششوں کو سراہا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاک چین وزرائے خارجہ نے ”آل ویدر سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنر شپ“ کی مضبوطی کا اعادہ ،دوطرفہ تعاون مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار ،قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور کہامسائل کے حل کیلئے مکالمہ ،سفارتکاری کو فروغ دینا ضروری ہے۔

بحرینی ہم منصب کےساتھ رابطے میں اسحاق ڈار نے بحرین میں حالیہ حملوں سمیت دیگر واقعات پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے پاکستان کے یکجہتی موقف کو دہرایا اور خطے میں کشیدگی میں کمی، بات چیت، امن واستحکام کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔