اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے افغان طالبان کےخلاف جاری آپریشن غضب للحق کی تفصیلات جاری کردیں۔
عطا تارڑ کے مطابق افغان طالبان نے شمالی بلوچستان میں قلعہ سیف ،نوشکی اور چمن اضلاع میں 16 مقامات پر زمینی حملے کیے، بلوچستان میں افغان طالبان نے 25 مقامات پر پاک افواج کےخلاف فائر ریڈ کی کارروائیاں کیں تاہم بلوچستان میں تمام مقامات پر حملوں کو موثر طور پر پسپا کر دیا گیا، بلوچستان میں افغان طالبان کے27 کارندے ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ وطن کا دفاع کرتے ہوئے ایف سی بلوچستان نارتھ کا جوان شہید اور 5 جوان زخمی ہوئے۔
وزیر اطلاعات نے کہاخیبر پختونخوا میں ایک مقام پر زمینی حملے کی کوشش کی گئی ،صوبے میں 12مقامات پر فائر ریڈ کیا گیا ،بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنایا ،خیبرپختونخوا میں رات بھر جاری کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کے 40 کارندے ہلاک ہوئے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کارروائیوں کے نتیجے میں افغان طالبان رجیم کے 464 کارندے ہلاک ، 665 سے زائد زخمی ہوئے، 188 چیک پوسٹیں تباہ کی گئیں ، 31 پوسٹوں پر قبضہ کر لیا گیا،192 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور آرٹلری گنز بھی تباہ کی گئیں،فالو اپ آپریشنز جاری ہیں اور آپریشن کی تفصیلی اپڈیٹ کچھ وقت میں جاری کی جائےگی۔
وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھر ی نے کہا شمالی بلوچستان کے حساس علاقوں قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن میں دشمن عناصر کی جانب سے دراندازی اور زمینی حملوں کی مذموم کوشش کی گئی مگر پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ” ایکس“ پر اپنے بیان میں طارق فضل چودھری نے کہا جوابی کارروائی میں درجنوں دہشتگرد اپنے انجام کو پہنچے جبکہ کئی زخمی ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہوئے،اسی طرح خیبر پختونخوا میں بھی دہشتگردی کی ایک اور کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بڑی تعداد میں شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا، کارروائیاں واضح ثبوت ہیں افواج ہر لمحہ چوکس، پیشہ ور اور مادر وطن کے دفاع کےلئے ہمہ وقت تیار ہیں، دشمن چاہے کسی بھی روپ میں آئے، ہر محاذ پر عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وفاقی وزیرنے کہا ایف سی بلوچستان کے بہادر سپاہی کو سلام پیش کرتے ہیں جس نے وطن کے تحفظ کےلئے اپنی جان قربان کی،شہداءہماری طاقت اور عزم کی علامت ہیں، پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں، قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور امن دشمن عناصر کےلئے اس سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔
طالبان کے حملے پسپا، افغان اڈا، اسلحہ ڈپو ملیامیٹ، مزید 67 کارندے ہلاک



















