لاہور چیمبر کا ”ایک شہر، ایک چیمبر“ اصول کی بھرپور حمایت

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے مجوزہ ٹریڈ آرگنائزیشن رولز 2013 ترمیمی بل کے حوالے سے لاہور چیمبر کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ترمیم صرف وضاحتی نوعیت کی ہے اور اس کا مقصد صرف شہر کی سطح پر متحد نمائندگی کو یقینی بنانا ہے۔ملک بھر کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ مجوزہ ترمیم کے بارے میں پائی جانے والی بعض غلط فہمیوں اور غلط تشریحات کو ادارہ جاتی وضاحت اور قومی کاروباری یکجہتی کے مفاد میں دور کرنا ضروری تھا۔انہوں نے واضح کیا کہ ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ 2013 کو ختم کرنے، کمزور کرنے یا اس میں کسی قسم کی تبدیلی کی کوئی کوشش نہیں کی جا رہی۔ ٹریڈ آرگنائزیشن رولز 2013 میں مجوزہ ترمیم کا مقصد صرف ایک ایسے انتظامی مسئلے کو درست کرنا ہے جو کراچی کی مخصوص انتظامی ساخت کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ 2013 کے تحت ہر ضلع میں ایک چیمبر قائم کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کے دیگر بڑے شہروں جیسے لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ، فیصل آباد اور پشاور میں یہ نظام بغیر کسی مسئلے کے کام کر رہا ہے کیونکہ یہ شہر ایک ہی انتظامی ضلع پر مشتمل ہیں، اس لیے ہر شہر کی نمائندگی ایک متحد چیمبر کرتا ہے۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ کراچی ایک منفرد مثال ہے کیونکہ پاکستان کے کسی اور بڑے شہر کے برعکس کراچی کو انتظامی سہولت کیلئے متعدد اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس تقسیم کا مقصد شہر کی تجارتی شناخت یا معاشی نمائندگی کو تقسیم کرنا ہرگز نہیں تھا، لیکن قانون کی ضلعی شق کے اطلاق سے ایک ہی شہر میں متعدد چیمبرز بننے کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، جو ملک میں کہیں اور موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کا مو¿قف ہے کہ کراچی کی نمائندگی بھی دیگر بڑے شہروں کی طرح ایک متحد ادارے کے ذریعے ہونی چاہیے۔ مجوزہ ترمیم کا مقصد صرف یہ یقینی بنانا ہے کہ کراچی کے ساتھ بھی دیگر میٹروپولیٹن شہروں جیسا یکساں سلوک ہو اور پورے شہر کی نمائندگی ایک ہی چیمبر کرے۔انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اس ترمیم سے پاکستان کے کسی دوسرے شہر کے کسی چیمبر، تجارتی ادارے یا ایسوسی ایشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ نہ ہی اس سے کسی ادارے کی قانونی حیثیت، دائرہ اختیار یا کام کرنے کے طریقہ کار میں کوئی تبدیلی آئے گی۔ یہ ترمیم صرف کراچی تک محدود ہے تاکہ ملک کے سب سے بڑے معاشی مرکز کی کاروباری برادری کی موثر نمائندگی ایک ادارہ یعنی کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ذریعے جاری رہے، جو 1959 سے خدمات انجام دے رہا ہے۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ملک بھر کے تمام چیمبرز کے ساتھ قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں اور تمام چیمبرز قومی اقتصادی معاملات، خصوصاً مشترکہ بجٹ تجاویز کی تیاری میں مل کر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کسی ذاتی مفاد یا کسی مخصوص ادارے کو نشانہ بنانے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر کبھی ایسا مو¿قف اختیار نہیں کرے گا جو دیگر چیمبرز کے ساتھ باہمی احترام اور تعاون کو متاثر کرے۔فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ موجودہ معاشی چیلنجز کے دوران ادارہ جاتی ہم آہنگی، واضح نمائندگی اور متحد آواز نہایت ضروری ہے۔ ان کے مطابق ملک کے سب سے بڑے تجارتی مرکز میں نمائندگی کا انتشار کاروباری جمہوریت کو مضبوط نہیں بلکہ اجتماعی اثر و رسوخ کو کمزور کرے گا اور غیر ضروری ابہام پیدا کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک بھر کی کاروباری برادری “ایک شہر، ایک چیمبر” کے اصول کی حمایت کرے گی تاکہ اتحاد، برابری اور مو¿ثر نمائندگی برقرار رہے۔