لاہور (میاںذیشان/ عکاسی: شاہنواز) گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی مالکان کا ترقیاتی ادارہ لاہور اور ہائشیوں سے فراڈ اور جعلسازی کے مزید واقعات منظر عام پر آ گئے، ہاﺅسنگ سوسائٹی کے غیر قانونی توسیعی رقبے کی تشہیر بی اور ای بلاک کے نام سے کر کے سینکڑوں پلاٹ فروخت کر دئیے گئے ہیں۔ ترقیاتی ادارہ لاہور کے شعبہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران کو غیر قانونی توسیعی رقبہ پر قائم پلاٹوں کو حسن ٹاﺅن نامی ہاﺅسنگ سوسائٹی کی ملکیت کہہ کر گمراہ کیا جا رہا ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران نے ہاﺅسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کی طرف سے درجنوں غیر قانونی سرگرمیوں پر نہ تو کوئی نوٹس جاری کئے گئے اور نہ ہی کوئی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم رولز کے تحت جعلسازی، حقائق چھپانے یا شہریوں کو دھوکہ دیکر پلاٹس فروخت کرنے پر رجسٹریشن منسوخ اور مالکان کو نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے منظور شدہ قواعد کی سنگین خلاف ورزیوں کے مزید چونکا دینے والے انکشافات اس وقت سامنے آئے جب گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مالکان کی جانب سے شہریوں اور اداروں کو مبینہ طور پر گمراہ کرنے اور جعلسازی کے نئے شواہد منظر عام پر آ گئے۔ ذرائع کے مطابق سوسائٹی انتظامیہ نے غیر قانونی توسیعی رقبے کو بی اور ای بلاک کا نام دیکر نہ صرف اس کی بھرپور تشہیر کی بلکہ سینکڑوں پلاٹس فروخت کر کے سادہ لوح خریداروں سے کروڑوں روپے بٹور لئے، حالانکہ مذکورہ رقبہ نہ تو باقاعدہ منظور شدہ لے آﺅٹ پلان میں شامل ہے اور نہ ہی اسے قانونی حیثیت حاصل ہے۔ مزید برآں شعبہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران کو یہ باور کرایا جا رہا ہے کہ متنازعہ اراضی دراصل حسن ٹاﺅن نامی ہاﺅسنگ سکیم کی ملکیت ہے جس کے منظوری کیلئے محکمہ ترقیاتی ادارہ لاہور میں کارروائی زیر التواءہے جو کہ کھلی گمراہ کن حکمت عملی قرار دی جا رہی ہے۔ مذکور غیر قانونی توسیعی متنازعہ رقبہ ملحقہ گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم ہے اور تمام راستہ جات، راہگزر وغیرہ اور ذرائع آمدورفت کیلئے بھی گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مین گیٹ کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے تمام تمام میونسپل سروسیز بجلی، گیس، سیوریج کیلئے بھی گرین لینڈ کے منظور شدہ ایریا سے استفادہ حاصل کیا جا رہا ہے۔ حسن ٹاﺅن نامی متناعہ سوسائٹی نے نہ تو گرین لینڈ سے راستہ جات کے استعمال کے لئے کوئی این او سی حاصل کیا ہے اور نہ ہی باﺅنڈری وال کی تعمیر سے باقی قوائد و ضوابط پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم رولز 2014 کے رول 4 اور رول 30 کے تحت کسی بھی سوسائٹی کو منظور شدہ نقشہ کے بغیر اراضی کی تشہیر یا فروخت کی اجازت نہیں، جبکہ رول 33 کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں اتھارٹی کو سکیم کو سیل کرنے، ترقیاتی کام رکوانے، بھاری جرمانہ عائد کرنے اور ذمہ داران کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ اسی طرح رول 34 کے تحت جعلسازی، حقائق چھپانے یا شہریوں کو دھوکہ دے کر پلاٹس فروخت کرنے پر رجسٹریشن منسوخ کی جا سکتی ہے اور متعلقہ مالکان کو نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔
لاہور (سپیشل رپورٹر) شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ سوسائٹی انتظامیہ نے دانستہ طور پر قوانین کو پس پشت ڈال کر نہ صرف ادارہ جاتی ساکھ کو مجروح کیا بلکہ رہائشیوں کو قانونی پیچیدگیوں میں دھکیل دیا ہے، جبکہ حیران کن طور پر متعلقہ افسران کی جانب سے اب تک نہ کوئی باضابطہ نوٹس جاری کیا گیا اور نہ ہی واضح قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس سے ملی بھگت یا سنگین غفلت کے شبہات جنم لے رہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اتھارٹی فوری طور پر غیر قانونی توسیعی رقبہ سیل کرے، ذمہ داران کے خلاف سخت تادیبی و فوجداری کارروائی عمل میں لائے اور متاثرین کو ان کی رقوم کی واپسی یقینی بنائے تاکہ آئندہ کسی بھی نجی ہاﺅسنگ سکیم کو قواعد کی دھجیاں اڑانے کی جرات نہ ہو سکے۔
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ میٹروپولیٹن پلاننگ کے افسران کا کہنا ہے کہ گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی میںہونیوالی غیر قانونی سرگرمیوںپر سوسائٹی کو نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں کہ اس حوالے سے وضاحت کی جائے۔ اگر گرین لینڈ کے غیر قانونی توسیعی رقبہ پر ترقیاتی کام بغیر منظوری جاری ہیں تو گوگل ارتھ سے ترقیاتی کاموں کی شروعات کا تعین کیا جائے اور 5 ہزار فی یوم کے حساب سے جرمانہ وصول کیا جائیگا۔ اگر سوسائٹی انتظامیہ نوٹس کے باوجود کوئی وضاحت پیش نہیںکرتے تو غیر قانونی توسیعی رقبہ کے ا نفراسٹرکچر اور ترقیاتی سرگرمیوں کو مسمار کرنے کی کارروائی عمل میںلائی جائیگی۔
لاہور (سپیشل رپورٹر) اس حوالے سے گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی مالکان چوہدری منظور احمد اور اصغر علی سے واٹس پر رابطہ کیا گیا ہے کہ شریف شہریوں کو حسن ٹاﺅن نامی فرضی سوسائٹی کا جھانسہ دیکر کروڑوں روپے لوٹ کر غیر قانونی توسعی رقبہ پر تعمیرات کروا کر عوامی مفادات اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر کروانے پر اپنا موقف واضح کرنے کیلئے کہا گیا ہے لیکن انکی طرف سے کوئی وضاحت یا موقف پیش نہ کیا گیا ہے۔ گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی مالکان میں سے کوئی اپنا موقف پیش کرنا چاہیں تو ادارہ ہذا میں ان کے موقف کو من و عن شائع کیا جائیگا۔
گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی مالکان کے فراڈ، جعلسازی کے مزید واقعات منظرعام پر



















