شہریوں کی غیر ذمہ داری سے بسنت پر حادثات،2افراد لقمہ اجل،درجنوں زخمی


لاہور: (رپورٹنگ ٹیم) شہریوں کی غیر ذمہ داری سے بسنت پر حادثات،بچے سمیت2افراد لقمہ اجل،درجنوں زخمی ہوگئے۔

مدینہ کالونی باغبانپورہ کا رہائشی 18 سالہ زین چھت سے گر کر،25 سالہ علی رشید کھمبے پر لٹکتی کٹی پتنگ اتارتے کرنٹ لگنے سے چل بسا،مرنے والے افراد کے گھروں میں صف ماتم بچھ گیا،لواحقین دھاڑیں مار مار کرروتے رہے،متعدد علاقوں میں گلے پر ڈور پھرنے اور چھتوں سے گرنے پر زخمی ہونےوالے کئی افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ادھر پولیس کی مبینہ ملی بھگت سے کیمیکل ڈور سرعام فروخت ہوتی رہی ،خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہاہے۔

دریں اثنا لاہور بھر میں عوام سارا دن رنگ برنگی پتنگیں اڑاتے نظر آئے،ہر طرف بوکاٹا کی آوازیں گونجتی رہیں،چھتوںپر خصوصی لائٹوں کےساتھ باربی کیو دعوتوں کابھی اہتمام کیا گیا،فیملیز خوب ہلہ گلہ کرتی رہیں۔