لاہور: (نمائندہ خصوصی،وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کی تاریخ کے پہلی گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کردیا ، وزیراعلیٰ مریم نواز نے گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک پٹرولنگ گاڑی کا معائنہ کیا اور الیکٹرک وہیکل کو خود ڈرائیو کیا، وزیراعلیٰ کو گرین پولیسنگ یونٹ اور الیکٹراک وہیکل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا لاہور میں پہلی جدید ترین بی وائی ڈی الیکٹرک ٹریفک سے پٹرولنگ کی جائےگی، ماحول دوست الیکٹرک گاڑی کی رینج 410 کلومیٹر فی چارج ہے، الیکٹرک گاڑی 30 سے 80 فیصد تک تقریباً 30 منٹ میں تیزی سے چارج ہو جاتی ہے، الیکٹرک وہیکل میں سرویلنس کا جدید پی اے سسٹم، پولیس لائٹس، 360ڈگری کیمرہ اور سپیڈ ڈیٹیکشن آلات نصب ہیں،بریفنگ میں مزید بتایا گیا پٹرولنگ پر مامور103 گاڑیاں ماہانہ 28000 لٹر ایندھن اور7.42 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں، الیکٹرک گاڑیوں سے سالانہ فی گاڑی تقریباً 4500 لٹر ایندھن کی بچت ہوگی ، آپریشنل لاگت میں کمی اور زیرو کاربن اخراج ہوگا، وزیراعلیٰ نے گرین پولیسنگ یونٹ کےلئے الیکٹرک گاڑیوں کو بتدریج بڑھانے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے گرین پولیسنگ یونٹ کو مرحلہ وار دیگر اضلاع میں شروع کرنے کیلئے اقدامات کا حکم دیا، وزیراعلیٰ نے کہا الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ایندھن کے اخراجات میں کمی اور زیرو کاربن اخراج کا باعث بنے گا، گرین پولیسنگ صاف ستھری فضا اور گڈگورننس کے وژن کا عکاس ہے۔
ادھرمریم نواز کی زیر صدارت عوام کے جان و مال کے تحفظ کےلئے اہم اجلاس ہوا،اس موقع پر میں فائر آڈٹ،2 ہفتوں کا الٹی میٹم،تھرمل ڈرونز،جیو ٹیگڈ فائر ہائیڈرینٹس،بلڈنگ کوڈز 2022 کا نفاذکا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں صوبے بھر کی تمام مارکیٹوں، عمارتوں، سکولوں اور ہائر رائز بلڈنگز کا فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں فائر ڈرل کرانے کا حکم، فائر سیفٹی حفاظتی ضوابط مکمل کرنے کےلئے 2 ہفتے کی مہلت، بلڈنگ سیفٹی ایکٹ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ، اجلاس میں بلڈنگ سیفٹی ایکٹ پر عملدآرمد کےلئے پیرا فورس کو خصوصی اختیارات تفویض کرنے اور خصوصی سیل بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس موقع پر صوبہ بھر میں تمام عمارتوں میں داخلی اور خارجی راستے کلیئر رکھنا ، حفاظتی سائن ایج درست اور واضح ہونا لازم قرار دیا گیا۔
مریم نواز نے کہا عمارتوں میں آتشزدگی سے نمٹنے کےلئے ہمت کےساتھ حکمت اور ٹیکنالوجی بھی ضروری ہے،عمارتی تحفظ یقینی بنانا ہوگا،عوام کی زندگی سے کھیلنے والوں کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں،پنجاب کی ہر تحصیل،ہر مارکیٹ،ہر بلڈنگ،ہر سکول،ہر ہائی رائز اب محفوظ ہوگا۔
ملک میں پہلی پٹرولنگ الیکٹرک گاڑی چلانے کا اعزاز بھی پنجاب کے نام


















