جی سیون کا بیان مداخلت، فسادات میں ٹرمپ،اسرائیل ملوث ہیں،ایران

تہران،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)ایران نے جی سیون ممالک کے بیان کو مداخلت قرار دیتے ہوئے فسادات کاذمہ دار ٹرمپ،اسرائیل کو ٹھہرادیا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا پرامن احتجاج کو صیہونی حمایت یافتہ دہشتگردوں نے پرتشدد بنایا، 8 سے 10 جنوری کے دوران مظاہرین ،سکیورٹی اہلکاروں پر حملے کیے گئے، تشدد ،دہشتگردی میں اسرائیلی کردار کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، امریکی و اسرائیلی حکام کے بیانات نے تشدد پر اکسایا۔

بیان میں ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ایران پرامن احتجاج کے حق کا احترام کرتا اور آئین کے تحت شہری حقوق کا پابند ہے، ریاست شہریوں کے تحفظ و امن وامان برقرار رکھنے کی مکمل ذمہ داری نبھائے گی ،بیرونی سرپرستی میں دہشتگردی کےخلاف قومی سلامتی کا دفاع کیا جائے گا،جی سیون ممالک کا ایران کے اندرونی معاملات پر بیان مداخلت پسندانہ ہے، انسانی حقوق کے نام پر امریکی قیادت میں جی سیون کا دہرا معیار بے نقاب ہوگیا ، جی سیون ممالک خود انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب رہے ہیں۔

وزارت خارجہ نے مزید کہا فلسطینی عوام کی نسل کشی میں جی سیون ممالک اسرائیل کےساتھ براہ راست شریک ہیں، جی سیون کو انسانی حقوق پر کسی کو لیکچر دینے کا اخلاقی جواز حاصل نہیں، ایرانی قوم 2025 میں اسرائیلی حملوں میں شہری ہلاکتوں کو فراموش نہیں کرے گی،جی سیون ایران کے داخلی معاملات میں غیرقانونی مداخلت بند ، غیرقانونی پابندیاں ختم ،انسانی حقوق کو سیاسی ہتھیار نہ بنائے،انسانی حقوق کے نام پر تشدد و دہشتگردی کی حوصلہ افزائی ناقابل قبول ہے۔

سپریم لیڈر خامنہ ای نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مجرم قرار دیتے ہوئے کہا فسادات ،ہلاکتوں، مالی نقصان و عوام کےخلاف پروپیگنڈے میںامریکی صدر ملوث ہیں،ٹرمپ نے ایرانی عوام کو اکسانے، ملک میں بدامنی پھیلانے ،سوشل میڈیا و بیانات کے ذریعے تشدد کو ہوا دینے میں براہ راست کردار ادا کیا،احتجاج کسی عوامی تحریک کی بجائے امریکہ واتحادیوں کی منصوبہ بند سازش ،مقصد ایران کو عدم استحکام سے دوچار کرنا تھا۔

خامنہ ای نے کہا دشمن قوتیں اقتصادی مشکلات کو بہانہ بنا کر نظام کےخلاف نفرت پھیلانا چاہتی تھیں،فسادات کے ثبوت امریکی و اسرائیلی شخصیات کے بیانات سے واضح،امریکی بالادستی کو ایرانی عوام نے انقلاب سے ناکام بنایا ،سازشیں ایران کو کمزور نہیں کرسکتیں، بھر پور مقابلہ کریں گے۔

دوسری جانب نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا،دونوں رہنماﺅں نے ایران و خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام کےلئے عباس عراقچی سے نیک خواہشات کا اظہار کیا،ٹیلی فونک گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور پر دوطرفہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔