PTI نے انتشار پھیلایا تو 26 نومبر سے زیادہ سخت ایکشن ہوگا، طلال چودھری
اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا ہے پی ٹی آئی نے انتشار پھیلایا تو 26 نومبر سے بھی سخت سخت ایکشن ہوگا، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی، صحت اور تعلیم جیسے سنگین مسائل مگر صوبائی قیادت ذمہ داریوں سے غفلت برت رہی ہے، 26 نومبر، 9 مئی،آئی ایم ایف کو خط لکھنا پھر مسلسل پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والا بیانیہ،سب انتہائی نامناسب اور دل دکھانے والی باتیں ہیں، سیاسی جماعت کو ایسا زیب نہیں دیتا،سب کے باوجود تحمل سے کام لے رہے ہیں۔
طلال چودھری نے کہا سابق وزیراعظم مسلسل اپنے ٹوئٹر (ایکس) سے ایسے موقف کا اظہار کرتے ہیں جو الفاظ کے ہیر پھیر کےساتھ پاکستان مخالف بیانیے جیسا ہوتا ہے، جو انڈیا اور اسرائیل سے ملتا جلتا ہے،وزیر مملکت نے کہا جتنی سہولتیں عمران خان کو دی گئی ہیں، پاکستان کی تاریخ میں شاید ہی کسی قیدی کو ملی ہوں، ان سے جو بھی ملتا ہے، وہ کہتا ہے وہ ہٹے کٹے ہیں، ورزش کر رہے ہیں، اچھا کھانا کھا رہے ہیں، ڈاکٹر 24 گھنٹے موجود ہے، خدمت گار دن رات ساتھ ہے،یہ واحد لوگ ہیں جو اپنے لیڈر کے لیے افواہیں پھیلاتے ہیں، کبھی کہتے ہیں وہ فوت ہو گئے، کبھی کہتے ہیں جیل میں ہیں ہی نہیں، ہر چند ماہ بعد یہ افواہیں اڑاتے ہیں اور پھر غلط ثابت ہوتی ہیں۔



















