پی ٹی آئی والے اڈیالہ کے باہر خواتین کو بطور ڈھال استعمال کرتے ہیں،عظمیٰ بخاری

لاہور: (وقائع نگار) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے حکومت صوبے کے تمام اداروں میں جدید، ڈیجیٹل و ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے تاکہ عوام کو تیز، شفاف اور موثر سہولیات فراہم کی جا سکیں،موجودہ دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں گورننس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہاتعلیم، صحت، زراعت ، انفراسٹرکچر کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل سسٹمز ،سمارٹ سلوشنز کے ذریعے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت ٹیکنالوجی کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ عوامی خدمات کو جدید ،عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے،زراعت کو ہمیشہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا جاتا رہا ہے تاہم پہلی مرتبہ مریم نواز نے زرعی شعبے میں حقیقی معنوں میں جدت، جدید مشینری، ڈیجیٹل ڈیٹا اور کسان دوست اصلاحات متعارف کرائیں، مثبت اثرات براہ راست کسانوں تک پہنچ رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاپنجاب تعلیم، صحت ،ٹرانسپورٹ شعبوں میں باقی صوبوں سے واضح طور پر آگے جا رہا ہے جو مریم نواز کے موثر طرز حکمرانی اور مضبوط انتظامی صلاحیتوں کا ثبوت ہے، مریم نواز نے ثابت کیا وہ کامیاب ایڈمنسٹریٹر اورویژن، عمل ، نتائج پر یقین رکھتی ہیں،پنجاب میں گڈ گورننس، میرٹ، شفافیت ،ڈیجیٹلائزیشن رول ماڈل ،دیگر صوبے بھی پنجاب کے ترقیاتی ماڈل سے سیکھنے کے خواہش مند ہیں،مخالفین کو مشورہ ہے سیاسی شعبدہ بازی ، منفی سیاست کی بجائے ترقی و خوشحالی میں پنجاب کا مقابلہ کریں کیونکہ انتشار ،منفی سیاست کا عوامی فلاح ،ترقی سے کوئی تعلق نہیں۔

اپنے ایک اور بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا پی ٹی آئی والے اڈیالہ جیل کے باہرخواتین کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں،اڈیالہ جیل ہے زمان پارک یا پاکپتن کا پیر خانہ نہیں جہاں ہر ہفتے بمہ اہل و عیال اور چند کرائے کے لوگوں کےساتھ تماشا لگایا جاتا ہے،جیل کے باہرپارٹی کا کوئی عہدےدار نہیں پہنچتا ،پولیس ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتی ہے،پولیس تب ہی حرکت میں آتی جب قانون کی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا آپ بدتمیزی، ہاتھا پائی کریں تو کیا پولیس آپ کا منہ دیکھتی رہے گی؟ اپنے ہر گناہ کا الزام مریم نواز پر لگانا بند کریں،آپ کے لیڈر کی خاطر لوگ باہر نہیں نکلتے تو مریم نواز کیا قصور ہے؟ خود کو مقبول ترین سمجھنے والافضول ترین بن چکا ، آئین و قانون کا درس وہ دے رہے ہیں جو خود مطلق العنان بنتے تھے،آئین کی حکمرانی ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جیسے کارڈ کھیلنا بند کریں۔