قومی سلامتی پر متفقہ بیانیہ وقت کی ضرورت ہے:ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) قومی بیانئے کی تشکیل کےلئے قائم قومی پیغام امن کمیٹی (این پی اے سی) نے جی ایچ کیو میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری سے ملاقات کی اور قومی بیانیے کے فروغ کےلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی،ملاقات میں پاک افواج سے غیر متزلزل یکجہتی اور ریاست دشمن بیانیوں کےخلاف مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا، این پی اے سی نے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کی مذمت کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں،ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ملاقات میں فتنہ الخوارج، کالعدم ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے تناظر میں داخلی سلامتی پر جامع گفتگو ہوئی ، مشترکہ موقف مزید مضبوط ہوا، کشمیر اور غزہ پر اصولی موقف کی توثیق کی گئی،این پی اے سی نے منبر و محراب سے اتحاد امت، سماجی ہم آہنگی اور آئینی برابری کے پیغام کو ملک گیر سطح پر پھیلانے کا اعلان کیا اور نفرت انگیزی، فرقہ واریت اور تکفیری بیانئے کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے پر اتفاق کیا ،لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا قومی سلامتی کے امور میں یکسوئی، بیانیے پراتفاق رائے وقت کی ضرورت اور مظلوموں کی حمایت پاکستان کی اخلاقی ذمہ داری ہے،دشمن کی نفسیاتی جنگ کے مقابلے کےلئے عوامی شعور اور سچائی پر مبنی بیانیہ فیصلہ کن ہتھیار ہے، ریاستی بیانئے کی ترویج کےلئے مساجد، مدارس اور جامعات میں آگاہی و رہنمائی نشستیں بڑھانے کی تجویز ہے،ملاقات کو غیر معمولی طور پر مفید قرار دیتے ہوئے اعتماد اور عملی تعاون کے نئے راستوں پر پیش رفت کی توقع ظاہر کی گئی۔