اسلام آباد،سڈنی،حیدرآباد:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز) بھارت عالمی سطح پر دہشتگردی کا مرکز،پوری دنیا متاثر، آسٹریلیا سے کینیڈا تک کوئی بھی شر سے محفوظ نہیں،سڈنی حملے نے پاکستان کے دیرینہ موقف کی واضح تائید کردی۔
پاکستان کا موقف ہمیشہ واضح رہا ہے بھارت ریاستی سطح پر مقبوضہ جموں و کشمیر، پاکستان کے علاوہ کینیڈا، امریکہ ، یورپی ممالک میں بھی دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث ہے، سڈنی میں پیش آنے والا سفاکانہ حملہ بھارت کی عالمی سطح پر حمایت یافتہ دہشتگردی کا ایک اور واضح ثبوت بن گیا۔
عالمی جریدوں میں شائع ہونے والی رپورٹس نے مودی حکومت کے کردار پر سنجیدہ سوالات اٹھادئیے،رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے سکیورٹی حکام ،اداروں کے بھارتی خفیہ ایجنسی سے روابط نشاندہی کرتے ہیں ”را“منظم انداز میں حملے میں ملوث رہی۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق سڈنی حملے کا مرکزی کردار ساجد اکرم بھارتی پاسپورٹ پر بین الاقوامی سفر کرتا رہا۔
فلپائن امیگریشن حکام نے تصدیق کی سڈنی فائرنگ واقعہ میں ملوث بھارتی شہریت کے حامل ساجد،نوید اکرم نے حملے سے قبل فلپائن کا سفر کیا،دونوں آسٹریلوی شہریت بھی رکھتے ہیں، بی بی سی کے مطابق فلپائنی امیگریشن نے تصدیق کی ساجد نے بھارتی پاسپورٹ پر فلپائن کا سفر کیا ،آخری منزل جنوبی صوبہ ڈاواو درج تھی، دونوں افراد یکم نومبر کو سڈنی سے فلپائن پہنچے اور 28 نومبر کو واپس گئے۔
آسٹریلوی براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق سکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ساجد ،نوید اکرم نے جنوبی فلپائن میں عسکری تربیت لی،پیشرفت نے حملے کے پس منظر کو مزید سنگین بنا دیا۔
سری لنکا میں دہائیوں تک بھارت تامل دہشتگردوں کی حمایت کرتا رہا،خود بھارتی شہری بھی ریاستی دہشتگردی سے محفوظ نہیں ،منی پورمیں مسیحی اقلیتوں کا قتل عام ہو یا پہلگام فالس فلیگ آپریشن بھارتی فوج کے ہاتھ اپنوں کے خون سے بھی رنگے ہیں،سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارتی سفارتی کاروں کے شرپسندعناصر سے رابطوں کو میڈیا کے سامنے بے نقاب کیا ،کینیڈین سرزمین پر خالصتان رہنما ہردیب سنگھ نجر کے قتل پرکئی ماہ تک کینیڈا ،بھارت کے سفارتی تعلقات معطل رہے،امریکہ میں سکھ فارجسٹس کے سربراہ کے قتل کی سازش پربھارتی شہری گرفتار ہوچکا ۔
دوسری جانب بھارتی پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا آسٹریلیا کے ساحلی علاقے میں حملہ کرنےوالے مجرم کا تعلق بھارتی شہر حیدرآباد سے تھا،والدین سے ملاقات کےلئے متعدد مرتبہ بھارت بھی آیا۔
بھارتی ریاست تلنگانہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل شیوادھرریڈی کی جانب سے جاری پریس نوٹ میں کہا گیا ساجد اکرم بھارتی ،بیٹا نوید آسٹریلوی شہری تھا ،ساجد نے حیدرآباد سے بی کام کیا ،27 سال قبل روزگار کی تلاش میں ہجرت کرکے آسٹریلیا چلا گیا ،یورپی خاتون مس وینیرا گروسو سے شادی کرکے مستقل طور پر آسٹریلیا میں سکونت اختیار کر لی ، ساجد کے 2بچے بیٹا نوید اکرم اور ایک بیٹی ہے۔
حملہ آور کے رشتے داروں نے کہا ساجد اکرم کا 27 سال سے حیدرآباد میں اپنے خاندان سے محدود رابطہ رہا ،آسٹریلیا منتقل ہونے کے بعدجائیداد کے معاملات یا والدین سے ملنے 6 مرتبہ بھارت آیا ،والد کے انتقال کے وقت بھارت نہیں آیا ،خاندان کے اراکین نے ساجد اکرم کے انتہا پسندانہ سوچ یا سرگرمیوں سے لاعلمی کا اظہار کردیا۔
بھارتی پولیس نے کہا ساجد اکرم ، نوید کی انتہا پسندی کے عوامل کا بھارت یا تلنگانہ سے کوئی تعلق دکھائی نہیں دیتا ،تلنگانہ پولیس کے پاس ساجد اکرم کے 1998 میں روانگی سے قبل کا بھی کوئی منفی ریکارڈ موجود نہیں ،عوام ،میڈیا درست حقائق کے بغیر قیاس آرائی یا الزام تراشی سے گریز کریں۔
ادھر آسٹریلوی میڈیا کے مطابق گرفتار سفاک مجرم نوید اکرم کو ہوش آگیا ،ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد بات چیت کے قابل قرار دیدیا،پولیس نے تفتیش شروع کردی۔
بھارت عالمی سطح پر دہشتگردی کا مرکز،سڈنی حملہ آور کا تعلق حیدرآباد سے تھا، انڈین پولیس کی تصدیق

















