پشاور (مشرق نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیرامور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اپنے صوبے کے اسپتالوں اور صحت بحران پر بات سے گریزاں ہیں۔ سہیل آفریدی کی تقریر زمینی حقائق کے خلاف تھی۔
مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کا کہنا ہے کہ زیرو کرپشن کے دعووں کے باوجود بی آر ٹی اور صحت کارڈ سکینڈلز سامنے آئے ہیں، اسی طرح بلین ٹری، گندم اور دیگر اسکینڈلز نیب وعدالتی رپورٹس میں موجود ہیں۔ مسلم لیگی رہنما نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سب کچھ شفاف ہے تو نوجوان دربدر کیوں ہیں؟
امیر مقام نے کہا کہ مریم نواز آئینی اور منتخب وزیراعلیٰ ہیں، ان پر ذاتی حملے ناکامی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کی تقریر زمینی حقائق کے خلاف تھی۔ امیر مقام کا کہنا تھا کہ عوام نعروں اور دھمکیوں سے آگے بڑھ چکے ہیں اور ریاست کو بلیک میل کرنے کی سیاست اب نہیں چلے گی۔
سہیل آفریدی کی تقریر زمینی حقائق کے منافی تھی: انجینئر امیر مقام



















