این ایف سی ایوارڈ بھیک نہیں حق ، گلگت و آزاد کشمیر کو بھی حصہ ملنا چاہیے: نواز شریف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سابق وزیراعظم، قائد لیگ نواز شریف نے کہا این ایف سی ایوارڈبھیک نہیں حق ہے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کواین ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں،مسلم لیگ (ن) کی آزاد کشمیر سے متعلق قائم سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہو، صدارت پارٹی قائد اور مرکزی صدر نواز شریف نے کی، اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیاسی حالات، آئندہ عام انتخابات اور تنظیمی معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا،ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت شاہ غلام قادر کی سربراہی میں شریک ہوئی جبکہ گلگت بلتستان سے حافظ حفیظ الرحمن سمیت دیگر رہنماوں نے بھی شرکت کی، اجلاس میں سینیٹر رانا ثنائ، مریم اورنگزیب، احسن اقبال، امیر مقام، پرویز رشید اور برجیس طاہر بھی موجود تھے،اجلاس کے دوران شاہ غلام قادر نے نواز شریف کو آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت، کارکردگی اور آئندہ انتخابات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، ذرائع کے مطابق، سیاسی اور انتخابی حکمتِ عملی پر شرکا نے اپنی تجاویز بھی پیش کیں،نواز شریف نے شاہ غلام قادر اور آزاد کشمیر قیادت کی دعوت پر اگلے ماہ 2 روزہ دورہ آزاد کشمیر کا اعلان کیا، دورے کے دوران تنظیمی امور، انتخابی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے،قائد حزب اختلاف شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ میں شامل کرنے کی درخواست پیش کی، ذرائع کے مطابق نواز شریف نے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی، نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کواین ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں، پنجاب میں آئیں تو نظر آتا ہے یہ ترقی کرتا صوبہ ہے، خیبرپختونخوا، آزادکشمیر، گلگت بلتستان سے لوگ علاج کیلئے پنجاب آرہے ہیں، پنجاب حکومت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں عوام کےلئے میگا پراجیکٹس جاری ہیں، کسانوں کی فلاح وبہبود کےلئے بھی اقدامات کررہی ہے، شہریوں کیلئے بہترین سڑکیں بنائی جارہی ہیں، پنجاب تیزی سے ترقی کی مزید منزلیں طے کر رہا ہے، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے،قبضہ مافیا، تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے،سابق وزیر اعظم نے کہا انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے میرٹ کا نفاذ بہت ضروری ہے ، میرٹ ہی ہمیشہ ہمارا نصب العین رہا ، فیصلے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائےگی، پارلیمانی بورڈ تمام امیدواروں کو سننے کے بعد ٹکٹ کا فیصلہ کرتا ہے اورہمارا ہمیشہ دستور یہی رہا ہے پارٹی ٹکٹ میرٹ پر دیا جائے، پاکستان کے قومی الیکشن ہوں یا کسی صوبے کے ہم نے میرٹ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، پرانے ساتھیوں کو میرٹ پرٹکٹ دیا جائے،ہرامیدوار کو سنا جائے گا ،میرٹ پرفیصلہ ہوگا، پارٹی کے اصولوں پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، بہت سے لوگ ٹکٹ کیلئے آئیں گے ہمیں پہچان رکھنی ہے کون اپنا ہے اورکون پرایا ہے، امیدواروں کی جیت کیلئے سب کو مل کرنا کام کرنا ہوگا،ستھرا پنجاب منصوبے نے پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنا دیا ، پنجاب میں امن و امان کا معاملہ بھی بہت بہتر ہے،قائد ن لیگ نے اعلان کرتے ہوئے کہا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پارٹی رہنما معاملات مزید بہتر بنائیں، خود متعدد علاقوں کا دورہ کروں گا۔