لاہور:( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کے تاریخی اقدامات،فضائی معیار میں نمایاں بہتری آگئی۔
ڈیٹا تجزیہ کے مطابق نومبر کے 30 میں سے 23 دنوں میں 2024کے مقابلے میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں واضح بہتری دیکھی گئی،نومبر 2024 میںائیر کوالٹی انڈیکس453،2025میں261 رہا۔
مریم نواز نے ڈیڑھ سال کی حکومت کے دوران ماحولیاتی بہتری کےلئے تاریخی اقدامات کئے ، قانون سازی، قوانین پر موثر عملدرآمد، جدید مشینری، ماحولیاتی تحفظ کےلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کااہم کردار ،پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہر شعبے کو ماحول دوست بنانے کے جامع ویژن پر عملدرآمد کا آغاز کیاگیا،جنگلات کاتحفظ ، شجر کاری میں اضافے کے اقدامات کابھی فضائی معیار بہتر بنانے میں حصہ شامل ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا فضائی بہتری محنت ،عوام کے تعاون کا نتیجہ ،تمام اداروں کو شاباش دیتی ہوں ،فضائی معیار کی بہتری ابتدا ، ماحول دوست پنجاب حتمی منزل ہے، جدید فارکاسٹنگ سسٹم موجود ،بذریعہ ٹیکنالوجی،مانیٹرنگ ، سرویلنس استعمال ،بھٹوں ،انڈسٹریل یونٹس کی انوائرمینٹل کنٹرول سسٹمز کی کیوآرکوڈڈ نگرانی جاری ہے،سپرسیڈرز نے بہترین کام کیا۔
مریم نواز نے کہا فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے واقعات میں ریکارڈ کمی ہوئی،دن بدن درجہ حرارت کی کمی کے باعث مشکل ٹائم زون میں داخل ہورہے ہیں ، فضائی آلودگی ،سموگ کے تدارک کےلئے ابھی بہت کام باقی ہے ،عوام کو ساتھ دینا ہوگا۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایم ٹو راوی ٹول پلازہ ریور ٹریننگ ورکس کا دورہ کیا،پیشرفت کاجائزہ لیا، راوی سٹی میں ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت کردی، چیئرمین روڈا شاہد اشرف تارڑ، سی ای او عمران امین،سی او او بریگیڈیئر(ر) منصور جنجوعہ نے بریفنگ دی۔
علاوہ ازیں مریم نوازنے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن ڈے پراپنے پیغام میں کہامعیشت، سیاحت ،عوامی روابط کے فروغ کیلئے ایوی ایشن کا کردار فراموش نہیں کیا جاسکتا،پنجاب حکومت جدید ہوائی سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،پنجاب کی ایئرلائن کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ہوا بازی نے دنیا کو گلوبل ویلیج میں بدل دیا ،فاصلے سمٹ گئے ،ایوی ایشن، پی آئی اے کو کھویا مقام واپس دلوانے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں،شہباز شریف کی مدبرانہ کوششوں سے پی آئی اے کو یورپ میں فلائٹ آپریشن کی اجازت ملی۔
مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قلات میں 12 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاریاست پاکستان نے دہشتگردی کے ہر نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنے کا حتمی فیصلہ کرلیا،قوم کو فوج کی پیشہ ورانہ مہارت پر ناز ہے۔
تاریخی اقدامات ، فضائی معیار میں بہتری ،ماحول دوست پنجاب حتمی منزل ہے،مریم نواز


















