یورپی یونین کی پنجاب کے سیلاب متاثرین کیلئے مزید 30 لاکھ یورو امداد
اسلام آباد: (بیورورپورٹ) یورپی یونین نے سیلاب متاثرہ آبادیوں کےلئے مزید 30 لاکھ یورو کی اضافی ہنگامی امداد کا اعلان کردیا۔
اعلامیے کے مطابق یورپی یونین کی ہنگامی امداد پنجاب کے بدترین تباہی کا شکار علاقوں میں خرچ کی جائے گی ،امداد نقد معاونت کی صورت میں دی جائےگی تاکہ شدید متاثرہ افراد کی بنیادی ضروریات فوری پوری کی جاسکیں،یورپی یونین کی جانب سے ستمبر میں بھی 10 لاکھ 50 ہزار یورو فراہم کیے گئے تھے جو صحت، صاف پانی، صفائی اور دیگر ضروری خدمات کےلئے استعمال ہوئے،رواں سال کی مون سون بارشوں سے ملک بھر میں تقریباً 70 لاکھ افراد متاثر جبکہ 29 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے، سیلاب سے ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں ،2 لاکھ سے زیادہ گھروں سمیت زرعی اراضی اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔
یورپی یونین حکام نے کہا رواں سال مون سون پاکستان کےلئے انتہائی تباہ کن رہا، پنجاب کو گزشتہ 40 برسوں کی بدترین سیلابی صورتحال کا سامنا رہا، لوگوں کے گھر، سامان، فصلیں اور مویشی پانی میں بہہ گئے،امداد عالمی یکجہتی کا اظہار ،متاثرہ خاندانوں کےلئے انتہائی اہم ثابت ہوگی، حالیہ امداد کے بعد یورپی یونین کی جانب سے رواں سال پاکستان کو ملنے والی امداد ایک کروڑ 45 لاکھ یورو سے تجاوز کر گئی۔


















