ٹیکس میں کمی سے شہری طبقے کی حقیقی آمدنی بڑھے گی: ماہرین، ملک میں اصلاحات کی نئی بحث شروع

لاہور(نعےم جاوےد) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کم کرنے اور بڑی کمپنیوں و کاروباری اداروں پر عائد سپر ٹیکس میں کمی کی ہدایات کے بعد ملک میں ٹیکس اصلاحات کی نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔ معاشی ماہرین، ٹیکس حکام اور نجی شعبہ اس پیشرفت کو معاشی پالیسیوں میں ایک اہم تبدیلی قرار دے رہے ہیں کیونکہ کئی برسوں سے ملک میں ٹیکس بوجھ بڑھتا رہا جبکہ معاشی سرگرمیاں سکڑتی گئیں۔ اب حکومت کی کوشش ہے کہ ٹیکس پالیسی کو عوام اور صنعتوں، دونوں کیلئے متوازن بنایا جائے تاکہ ٹیکس وصولی کا دائرہ تو بڑھے لیکن ٹیکس دہندگان پر غیر منصفانہ دباو¿ نہ پڑے۔تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس میں کمی کی ہدایت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ملک میں مہنگائی اور روزمرہ اخراجات نے تنخواہوں اور قوتِ خرید کو شدید متاثر کیا ہے۔ پچھلے دو برسوں میں ٹیکس سلیب سخت ہونے اور مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث متوسط طبقہ مالی دباو کا شکار رہا۔ ٹیکس حکام کے مطابق تقریباً 32 سے 34 لاکھ تنخواہ دار افراد منظم معیشت کا حصہ ہیں، جن کی تنخواہوں سے ٹیکس براہِ راست کٹ جاتا ہے اور ان کے پاس آمدنی چھپانے کا کوئی راستہ موجود نہیں ہوتا۔ ایسی صورت میں ٹیکس بوجھ میں اضافہ نہ صرف انفرادی سطح پر مشکلات بڑھاتا ہے بلکہ معیشت میں طلب کو بھی کم کرتا ہے۔حکومتی اجلاس میں وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس سلیب ایسے بنائے جائیں کہ تنخواہ دار طبقے کی قابل خرچ آمدنی میں اضافہ ہو۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ خزانہ اس وقت مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے جن میں ٹیکس سے مستثنیٰ آمدنی کی حد بڑھانا، درمیانی سلیبز پر ٹیکس کم کرنا اور کم آمدنی والے ملازمین کیلئے اضافی ریلیف شامل ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق اگر تنخواہ دار طبقے کو یہ ریلیف ملتا ہے تو اس کے اثرات فوری طور پر مارکیٹ میں محسوس ہوں گے، کیونکہ اسی طبقے کی بڑھتی ہوئی خریداری ملک کے اندرونی معاشی پہئے کو تیز کرتی ہے۔دوسری جانب بڑی کمپنیوں اور کاروباری اداروں کیلئے سپر ٹیکس میں کمی کی تجویز بزنس سیکٹر کے دیرینہ مطالبے کے بعد سامنے آئی ہے۔ سپر ٹیکس، جو بنیادی طور پر ایک عارضی ٹیکس تھا، وقت کے ساتھ مستقل نوعیت اختیار کر گیا اور کئی شعبوں میں سرمایہ کاری اور منافع دونوں پر منفی اثرات مرتب کر رہا تھا۔ کاروباری اداروں کا کہنا ہے کہ سپر ٹیکس کے باعث نہ صرف نئی سرمایہ کاری رک گئی بلکہ کئی منصوبوں میں توسیع بھی ممکن نہ رہی۔وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ سپر ٹیکس کو مرحلہ وار کم کرنے کی ایسی حکمت عملی تیار کی جائے جو کاروباری سرگرمیوں کو فائدہ دے لیکن قومی خزانے کو اچانک جھٹکے سے بھی بچایا جا سکے۔ حکومتی حلقوں میں یہ تجویز زیر غور ہے کہ سپر ٹیکس کو 2 سے 4 فیصد تک لایا جائے اور وقت کے ساتھ اس میں مزید کمی کی جائے۔ پاکستان بزنس کونسل اور دیگر کاروباری تنظیموں نے اس ہدایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروبار دوست پالیسی ہی ملک میں سرمایہ کاری کو بحال کر سکتی ہے جو اس وقت بری طرح متاثر ہے۔ٹیکس ریونیو میں ممکنہ کمی کے پیشِ نظر حکومت متبادل راستوں پر بھی غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق نان فائلرز پر زیادہ جرمانے، غیر دستاویزی کاروبار کی ڈیجیٹل نگرانی، پراپرٹی کے لین دین میں اصل قیمتوں کا اندراج اور بڑے ریٹیلرز کو نئے ٹیکس سسٹم میں لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اگر یہ اقدامات مو¿ثر طریقے سے نافذ ہو گئے تو ٹیکس نیٹ میں 8 سے 10 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان شامل کئے جا سکتے ہیں، جو ملک کے ٹیکس ڈھانچے کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کی ہدایات کو ”انتخابی بجٹ“ قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریلیف تو دیا جا رہا ہے، لیکن حکومتی اخراجات میں کمی یا سرکاری محکموں کی اصلاح پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ تاہم معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر حکومت ٹیکس اصلاحات کے ساتھ شفافیت، ڈیجیٹل نظام کی مضبوطی اور بے نامی اثاثوں پر سخت اقدامات بھی متعارف کروا دے تو یہ اصلاحات وقتی نہیں بلکہ دیرپا ثابت ہوں گی۔صنعتی حلقوں نے وزیراعظم کی ہدایات کو پچھلے چند برسوں میں آنے والی پہلی مثبت خبر قرار دیا ہے۔ بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، مہنگی بجلی، شرح سود اور درآمدی خام مال کی قیمتوں نے پہلے ہی کاروبار کی رفتار سست کر رکھی تھی۔ ان کے مطابق سپر ٹیکس میں کمی صنعتی شعبے میں نئی جان ڈال سکتی ہے، جبکہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف ملنے سے مجموعی طلب میں اضافہ ہوگا، جو بالآخر کاروبار کی سرگرمی بڑھانے میں مددگار ہوگا۔مہنگائی کے دباو¿ میں کمی کے حوالے سے بھی یہ رپورٹ کیا جا رہا ہے کہ اگر تنخواہوں میں اضافہ نہ بھی ہو، لیکن ٹیکس بوجھ میں کمی کر دی جائے تو شہری طبقے کی حقیقی آمدنی بڑھے گی۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اضافی آمدنی کا بڑا حصہ مارکیٹ میں خرچ ہوگا جس سے حکومتی ریونیو میں بھی بالواسطہ اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس طرح حکومت کو سیلز ٹیکس اور پروڈکشن ٹیکس کی مد میں زیادہ آمدنی ملنے کا امکان ہے۔ معاشی سمت کی اس ممکنہ تبدیلی کے باوجود اصل چیلنج پالیسی کے نفاذ کا ہے۔ اگر یہ اقدامات صرف زبانی اعلانات کی حد تک رہے تو اس سے مزید اضطراب پیدا ہوگا۔ لیکن اگر بجٹ میں ان تجاویز کو باضابطہ شامل کر لیا گیا اور اسے مستقل پالیسی کا حصہ بنایا گیا تو پاکستان کی ٹیکس اصلاحات کا نیا باب کھل سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس وقت ملک کو فوری ریلیف کے ساتھ ساتھ طویل المیعاد معاشی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، کیونکہ موجودہ ٹیکس ڈھانچہ نہ تو عوامی بوجھ برداشت کر سکتا ہے اور نہ ہی کاروباری نمو کیلئے سازگار ہے۔ وزیراعظم کی ہدایات معاشی فریم ورک میں تبدیلی کا سنجیدہ اشارہ ہیں۔ اگر حکومت اس سمت درست اقدامات اٹھاتی ہے تو اس کے اثرات نہ صرف تنخواہ دار طبقے اور صنعتوں کو فوری ریلیف دیں گے بلکہ مجموعی معیشت کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ البتہ پالیسی کی کامیابی کا دارومدار حکومت کی سنجیدگی، فیصلوں پر مستقل مزاجی اور ٹیکس نیٹ میں حقیقی اضافے پر ہوگا۔