عمران سے ملاقات نہ ہونے پر اڈیالہ کے سامنے دھرنا دینگے،کے پی حکومت

پشاور:(بیورورپورٹ)کے پی حکومت نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر اڈیالہ جیل کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا منگل کو بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو اڈیالہ جیل کے سامنے دھرنا دیں گے،تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ہائی کورٹ ،عمران خان کی فیملی کےساتھ اڈیالہ جیل جائیں گے، عمران خان کی بہنوں سے ملاقات نہ کرائی گئی تو دھرنا و احتجاج ہوگا، عمران خان کی 4 نومبر سے فیملی کےساتھ ملاقات نہیں ہورہی ،صحت پرتشویش موجود ہے۔

شفیع جان نے کہا ن لیگ اپنے ماضی کو بھول جاتی ہے، ماضی میں لیگی رہنما اپنے مجرم قائد سے لندن میں ملاقاتیں ، کابینہ نواز شریف سے لندن میں رہائش کے دوران مشورے کرتی رہی ،حکومت عمران خان کے بیانات و تصویر سے خوفزدہ ہے، عمران خان ملک کے مقبول ترین سیاسی لیڈر ، بیانات روکنے کی کوشش کی جارہی ہے،پی ٹی آئی کے عوامی نمائندوں کو ووٹ عمران خان کی رہائی کے نام پر ملا، عوام کا واحد سوال یہی ہوتا ہے عمران خان کی رہائی کب ہوگی؟۔

وزیر اطلاعات کے پی نے کہا صوبے کو ضم اضلاع کے واجبات ،پولیس کی استعداد بڑھانے کےلئے فنڈز نہیں دئیے گئے، 3ہزار ارب این ایف سی، این ایچ پی، آئل گیس ریزرو وغیرہ کی مد میں واجب ہیں ،4دسمبر کو این ایف سی اجلاس میں صوبہ بھرپور مقدمہ لڑے گا۔

دریں اثنا کے پی حکومت نے ہری پور ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کی انکوائری کا حکم دےدیا،معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہاکلاس فور سے لےکر ڈسٹرکٹ کمشنر تک تمام سطح پر انکوائری ہوگی ،کوئی ملوث پایا گیا تو سخت سزا دی جائےگی،یقین ہے ماتحت افسر ملوث نہیں،الیکشن کمیشن کو دھاندلی پر ریفرنس بھی بھیجیں گے۔