پنجاب میں پٹرول موٹرسائیکل و رکشوں کی پروڈکشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ

لاہور: (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں بیواوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے غاصبوں کےخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کرلیا گیا۔

مریم نوازنے بے سہارا بیواوں کے قبضہ کیس ترجیحاً حل کرنے کا فوری حکم دیتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی،مریم نواز نے کہا جائیدادوں پر ناجائز قبضے کےخلاف ہر دن کی مانیٹرنگ کی جائے گی،آرڈیننس 2025 کا مکمل نفاذ کیاجائے۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی ناجائز قبضے کےخلاف فوری حکومتی اقدامات کی اطلاع عوام تک پہنچانے کےلئے مساجد میں اعلانات کیے جائیں گے،وزیراعلیٰ نے گجرات،لیہ،حافظ آباد ودیگراضلاع میں قبضے کے جلد فیصلے نہ ہونے پر اظہار ناپسندیدگی کرتے ہوئے کہا ناجائزقبضہ کیس کے جلد حل سے عوام کو فوری ریلیف دینا چاہتے ہیں،تمام ڈپٹی کمشنر روزانہ اجلاس کریں،خود مانیٹر کروں گی۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت انسداد سموگ کےلئے کابینہ کمیٹی کے خصوصی اجلاس میںپٹرول موٹرسائیکل و رکشوں کی پروڈکشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا،پنجاب میں سرکاری اداروں کےلئے صرف الیکٹرک ، ہائبرڈ گاڑیاں اور الیکٹرک موٹر سائیکل ہی خریدی جائیں گی، گھروں کی سطح پر پانی سے گاڑیاں دھونے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا شہریوں کی صحت ، ماحول کو نقصان پہنچانے پر کوئی رعایت نہ برتی جائے ، پلاسٹک ،زہریلا دھواں پیدا کرنے والی اشیا جلانے پر سخت سزا دی جائے،مقررہ معیار سے زیادہ دھواں دینے والی گاڑیوں کی مستقل بنیادوں پر ٹیسٹنگ کےلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف ورکشاپس مقرر کرنے کی منظوری دےدی گئی۔

مریم نواز نے ماحولیاتی بہتری کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پوری ٹیم کو شاباش دی اور کہاپنجاب بھر میں بچوں سے مزدوری پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے،ٹیکنالوجی کا استعمال جدت کی علامت ہے، پنجاب کو ٹیکنالوجی کی ترقی کی مثال بنانا ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوا زنے سپیشل طلبہ کےلئے ہمت کارڈ ،پنجاب بھر کے سپیشل ایجوکیشن مراکز کی تعمیر نو،ہر ڈسٹرکٹ میں سنٹر آف ایکسی لینس فار سپیشل سٹوڈنٹس بنانے ،ہر سپیشل ایجوکیشن سنٹر کےلئے ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کا اعلان کردیا۔

مریم نواز نے سکول میل پروگرام برائے سپیشل ایجوکیشن سٹوڈنٹس ، سنٹرآف ایکسی لینس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا سپیشل افراد پر توجہ نہیں دے رہے بلکہ سرمایہ کاری کررہے ہیں تاکہ مفید شہری بن سکیں، آٹسٹک بچوں کےلئے پہلے سرکاری آٹزم سکول کا قیام کسی نعمت سے کم نہیں،اساتذہ ،سپیشل ہیروز کو سلام پیش کرتی ہوں،صرف ڈیڑھ سال میں سپیشل ایجوکیشن ، سنٹر آف ایکسی لینس کے خواب کو ثانیہ عاشق نے سچ کر دکھایا،28 اضلاع میں سنٹر آف ایکسی لینس بن گئے دیگر اضلاع میں جلد بننے جارہے ہیں، پورے صوبے میں سپیشل افراد کےلئے313 اداروں کو بہتر بنائیں گے،

وزیراعلیٰ نے کہا سکول میل پروگرام کے 313 اداروں میں 45 ہزار بچوں کو غذائیت سے بھر پورراشن دیا جاتا ہے،دودھ ،بسکٹ خود کھاکر معیار کو چیک کیا،سپیشل بچے اپنے والدین پر کبھی بھی بوجھ نہیں بنے، سپیشل بچوں کےلئے ہمت کارڈ کا مقصد والدین کو احساس دلانا حکومت بھی آپ کےساتھ ہے

مزید برآں مریم نوا زنے شالیمار ٹاون لاہور میں مریم نواز سنٹر آف ایکسی لینس فار سپیشل ایجوکیشن سٹوڈنٹس کا دورہ کرکے لنچ ٹائم بیل بجا کر سی ایم سکول میل پروگرام برائے سپیشل ایجوکیشن سٹوڈنٹس کا آغاز،مریم نواز سنٹر آف ایکسی لینس فار سپیشل ایجوکیشن سٹوڈنٹس کا افتتاح کیا،سپیشل اولمپین علی رضا، شاہ گلو حیات اوربلائنڈ کرکٹ شاہزیب کو کیش پرائز دیئے،سپیشل بچوں سے اظہار شفقت کیا، بچوں کو ملک پیک ، بسکٹ پیش کیے ،سپیشل بچی نے ازراہ محبت وزیراعلیٰ کو بھی بسکٹ کھلائے اور کہا ”آپ بہت پیاری ہیں“، وزیراعلیٰ نے کلاس روم میں وائٹ بورڈ پر الفاظ لکھے ، بچوں نے درست جواب دیئے۔