پاکستان،سعودیہ کا پولیس ، پیرا ملٹری فورسز کیلئے ٹریننگ ایکسچینج پروگرام پر اتفاق
ریاض :(مشرق نیوز) پاکستان،سعودی عرب نے پولیس ، پیرا ملٹری فورسز کیلئے ٹریننگ ایکسچینج پروگرام پر اتفاق کرلیا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے ملاقات کی،سکیورٹی امور اور دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، برمی مسلمانوں کے لیگل سٹیٹس کے دیرینہ مسئلے پر بھی بات چیت کی گئی۔
سعودی وزیر داخلہ نے معاملے کے حل کےلئے پاکستانی وزیر داخلہ کی کوششوں پر اظہار تشکر کیا، شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر حملے میں شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت بھی کی،فریقین نے پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کیلئے ٹریننگ ایکسچینج پروگرام پر اتفاق کیا۔
فیصلہ کیا گیا پاکستان اور سعودی عرب کی وزارت داخلہ کا ورکنگ گروپ آئندہ ماہ اجلاس منعقد کرے گا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا سعودی عرب ہر پاکستانی کا دوسرا گھر ہے اور پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ پائیدار تعلقات پر فخر ہے۔



















