بدل دو نظام تحریک کا اعلان ،جلسے، جلوس ،دھرنے ہوں گے،نعیم الرحمن
لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ”بدل دو نظام“ تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ملک بھر میں جلسے، جلوس اور دھرنے ہوں گے،اختیارات بیوروکریسی کی بجائے مقامی حکومتوں کے پاس ہونے چاہئیں،پنجاب کے رہنمامقامی حکومتوں کے انتخابات کےلئے تحریک کا آغاز کریں،صرف پنجاب نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، سندھ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان میں بھی اشرافیہ اختیارات پر قابض ،تحریک چلانا ضروری ،مقامی حکومتوں کا نظام وقت کی ضرورت ہے،امریکہ کی غلامی کر کے بہت نقصان کر لیا، کشمیر ،فلسطین ریڈ لائن ،کوئی سمجھوتہ کرنے یا اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کسی بھی کوشش پر عوام حکمرانوں کو نشان عبرت بنا دینگے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجتماع عام کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا ملک بھر سے لاکھوں شرکا بھرپور اجتماع کے بعد رخصت ہوئے،”بدل دو نظام“ تحریک کے تحت 50 لاکھ نئے ممبران شامل،15 ہزار عوامی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی،بلدیاتی نظام کو آئین میں تحفظ دیاجائے،پنجاب کے رہنمااسمبلی کے سامنے دھرنے کی تیاری کریں، 26 ،27 ویں آئینی ترامیم کو مسترد کرتے ہیں،73 کے آئین کو تباہ کرنے کی ہر کوشش کےخلاف بھرپور مزاحمت کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کسی بھی قیمت پر انتخابات کو ہائی جیک نہیں ہونے دیاجائےگا ،کسی سیاسی جماعت پر پابندی قبول نہیں،ٹی ایل پی پر پابندی لگنی چاہیے نہ ہی سیاسی بنیادوں پر عمران خان کو جیل میں رکھا جانا چاہیے،حق بات کہیں گے چاہے اسٹیبلشمنٹ یا حکومت کو ناگوار گزرے،26 ،27 ویں ترامیم کےخلاف بھرپور تحریک چلائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا پاکستان محض خطہ زمین نہیں بلکہ عقیدے کا نام ہے،ہر ممکن طور پر حفاظت کریں گے، جماعت اسلامی کا کارکن کسی قسم کی قوم پرستی کا شکار نہ ہو،مقامی سیاست ضرور کریں گے لیکن قوم پرستی کی کسی لہر کا حصہ نہیں بنیں گے،پاکستان سے کوئی شکوہ نہیں، لڑائی قابض طبقہ اشرافیہ سے ہے،ملک کسی جرنیل، اسٹیبلشمنٹ، بیوروکریٹ یا حکومت نہیں بلکہ عوام کا ہے، اجتماع عام میں پنجاب کے کارکنوں نے اپنی رہائش گاہیں خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے شرکا کےلئے وقف کیںیہ بھی تو پنجاب ہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ،ساتھ لےکر چلیں گے، ہنر مند بنائیں گے ،سٹارٹ اپس کےلئے آسان قرضوں کا انتظام کیاجائےگا،طبقاتی نظامِ تعلیم کے باعث آگے بڑھنے کی راہیں مشکل ہو گئیں، ہر ممکن مدد،آئی ٹی کی تعلیم دیں گے، نوجوان لڑکوں ،لڑکیوں کےلئے علیحدہ کھیلوں کی سہولیات فراہم ، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام متعارف کرائیں گے،وکلا کو متحد کر کے ملک کے بوسیدہ عدالتی نظام کو تبدیل کیاجائےگا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا ملک کو امریکہ کے زیر اثر پالیسیوں سے نکلنا ہوگا کیونکہ بدامنی پھیل رہی ، دوستی و دشمنی دونوں میں وقار کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے، افغانستان کےساتھ معاملات درست کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے،طالبان حکومت کی ذمہ داری ہے اپنی زمین کو پاکستان کےخلاف استعمال نہ ہونے دے اور پاکستانی حکام کو بھی وہی لہجہ اختیار کرنا چاہیے جو دیگر ہمسایوں کےلئے اختیار کیا جاتا ہے،ٹرمپ پالیسی کے تحت پاکستانی فوج کو غزہ بھیجنے کی بھرپور مخالفت کریں گے،ٹرمپ کی سپانسرڈ قرارداد کسی صورت قبول نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کشمیر کو پاکستان کا حصہ سمجھتے ہیں ،بھارت کے حوالے نہیں ہونے دیں گے،اقوام متحدہ قراردادوں کے تحت حق خود ارادیت دینا ہی مسئلے کا اصل حل ہے، کشمیر پر سمجھوتہ کرنے یا ابراہیم معاہدہ یا اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کسی بھی کوشش کی صورت میں عوام حکمرانوں کو نشان عبرت بنا دیں گے،کارکن رشتوں کو ہر ممکن حد تک نبھانے کی کوشش کریں، خود نمائی سے بچیں ،اگلے انتخابات کے اعلان سے پہلے جماعت اسلامی کا کوئی نامزد امیدوار نہیں ہوگا، ہر کارکن جماعت اسلامی کی نمائندگی کرتا ہے،امیدواروں کا فیصلہ انتخابات کے وقت ہی کیا جائےگا۔



















