وصیت ،وراثت پرچلنے والی پارٹیاں انقلاب نہیں لاسکتیں، نعیم الرحمن

لاہور:(اپنے نمائندے سے )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے خاندان، وصیت اور وراثت میں چلنے والی پارٹیاں کبھی انقلاب نہیں لاسکتیں،جماعت اسلامی نظریاتی وجمہوریت جماعت ہے،حکمران جمہوریت کی نرسری کالج و یونیورسٹی میں سٹوڈنٹس کے انتخابات نہیں کرانا چاہتے، خاندان، وصیت ،وراثت پر چلنے والی پارٹیاں نوجوانوں سے خوف زدہ ہیں،ن لیگ ظالمانہ بلدیاتی ایکٹ کے ذریعے تمام اختیارات پر قبضہ کرنا چاہتی ہے،نواز ،مریم سن لیں پنجاب کا ظالمانہ ایکٹ کسی صورت قبول نہیں ،ملک بھر میں بھرپور تحریک چلائیں گے۔

لاہور مینار پاکستان میں اجتماع عام کے دوسرے روز سیشن کے آغاز میں لاکھوں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نعیم الرحمن نے کہا پنجاب کے تمام شہروں میں صاف وشفاف بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں،نچلی سطح پر اختیارات منتقل کرنے سے اجارہ داری نظام کا خاتمہ ہوگا،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بہت بڑے جاگیردار ،جمہوریت کے دعویدار ہیں،بتائیں سندھ کے ہاریوں کو حقوق کیوں نہیں دئیے؟،سندھ کے بچوں کو مفت ،معیاری تعلیم کیوں نہیں دی جاتی؟،ڈیلی ویجز پر کام کرنےوالی خواتین کو حقوق کیوں نہیں ملتے،پورے ملک میں سرمایہ دارانہ ذہنیت کے تحت غریب کو مزید غریب کیا جارہا ہے،سندھ میں سرمایہ دارانہ ذہنیت ، ظلم کے نظام کے خاتمے کےلئے بھی بدل دو نظام تحریک کو چلانا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا معیشت، تجارت یا تعلیم ہو سب سے جاگیرداروں ،وڈیروں کا خاتمہ کرنا ہوگا،عدالتی نظام کو آئین ودستور کے مطابق کریں گے، ملک سے آئے نوجوانوں کو لاکھوں کی تعداد میں شرکت کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،کارپوریٹ سسٹم سے جاگیرداروں ،وڈیروں کو خیر آباد کرکے کسانوں کو محنت کا حصہ دلوائیں گے،صدر ہو یا آرمی چیف، کسی کو بھی استثنیٰ حاصل نہیں ہونا چاہیے،اجتماع عام کے دوسرے روز لاکھوں شرکا سے منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان مولانا افضل،اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ حسن بلال ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔