لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 78سال سے ظلم و جبر کے نظام نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے لوگوں کے ارمانوں کا خون کیا۔ عدالتیں انصاف دے سکیں نہ ادارے کسی کام آسکے۔ عوام بنیادی حقوق اور سہولیات سے محروم ہیں کوئی ان کا پرسان حال نہیں۔ 26ویںاور 27ویں ترمیم نے تو بیڑا غرق کردیا ہے۔جماعت اسلامی عوام کو وڈیروں،جاگیرداروں اور مافیاز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں شرکت کیلئے ملک بھر سے قافلے مینار پاکستان لاہور پہنچنا شروع ہوگئے،لاکھوں لوگوں کے قیام و طعام کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ بیرون ممالک سے بھی اسلامی تحریکوں کے قائدین بھی بڑی تعداد میں اجتماع میں شریک ہوں گے۔جماعت اسلامی کا یہ اجتماع عا م ملک و قوم کیلئے امید کے نئے چراغ روشن کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینار پاکستان اجتماع گاہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور نائب امیر و ناظم اجتماع لیا قت بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضیا ءالدین انصار ی ایڈووکیٹ اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام اس وقت سخت مایوسی اور پریشانی میں ہیں ،انہیں کسی طرف سے امید کی کوئی کرن نظر نہیں آرہی ، 65فیصد نوجوان ہیں مگر انہیں تعلیم اور روز گار نہیں مل رہا۔اعلیٰ تعلیم کے دروازے غریب کیلئے بند کردیئے ہیں۔طبقاتی نظام تعلیم میں امیر کا بچہ پڑھ رہا اور غریب کا بچہ سکول سے باہر ہے ،چند لیپ ٹاپ تقسیم کرکے حکمران سمجھتے ہیں کہ ان کا فرض پورا ہوگیا۔ عام لوگوں کی تعلیم اور ٹیکنالوجی تک رسائی نہیں۔ ملک میں لینڈ مافیاز ،ڈرگ مافیاز ،آئی پی پیز مافیاز چینی اور آٹا مافیاز ٹھیکیداروں اور وڈیروں کا راج ہے۔ سینکڑوں مربع زمین کے مالک ٹیکس چوری کرتے ہیں یہ لوگ خودتو ٹیکس دیتے نہیںالٹا مزدوروں، کسانوں اور چھوٹے ملازمین کے ٹیکسوں پرعیش کرتے ہیں۔ 83فیصدکسانوں اور مزدوروں کوملازمت کے حقوق حاصل نہیں وہ جاگیرداروں اور ٹھیکیداروںکے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔خواتین کو تحفظ حاصل نہیں ،کام کرنے کی جگہ پر انہیں ہراسمنٹ کا سامنا ہوتا ہے۔ ان پریشان اور ستائے ہوئے عوام کی داد رسی کافرض جماعت اسلامی پورا کرے گی۔ جماعت اسلامی عوام سے اتحاد کرے گی۔ کسان ،مزدور ،اساتذہ ،طلبا اور وکلاءجماعت اسلامی کے اتحاد ہیں۔ ہم مزدوروں ،کسانوں ،طلبا،خواتین سمیت پسے ہوئے طبقے کو حقوق دلائیں گے۔ہم سب مل کر ملک میں اسلام کے غلبے کی تحریک چلائیں گے۔ ملک میں اللہ کا نظام نافذ ہوجائے تو ظلم کا نظام خود بخود دم توڑ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا یہ اجتماع عام اسی عظیم مقصد کیلئے منعقد ہورہا ہے۔ مینار پاکستان سے اتحاد ویک جہتی کا پیغام پورے پاکستان میں جائیگا۔ جماعت اسلامی منظم طریقے سے اپنا کام کرتی ہے۔ پورا پاکستان ایسی تحریک کا منتظر ہے جس کو منظم لوگ لے کر اٹھیں۔پاکستان ہم سب کا گھر ہے اور اس گھر کو بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ اجتماع عام کے آخری روز اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔زی جنریشن اور نوجوانوں کیلئے تعلیم اور روز گار کابہت بڑا پیکیج لائیں گے۔ نوجوانوں کے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ روز گار بھی دیں گے۔ خواتین کو اسلام نے احترام اور وقار دیا ہے اسے بحال کرائیں گے۔ مزدور اور کسان طلباءو وکلاءنظام بدلنے کی تحریک میں ہمارے شانہ بشانہ ہوں گے۔ اجتماع عام میں خواتین عالمی کانفرنس میں لاکھوں خواتین شریک ہوں گی ،یہ خواتین کا دنیا بھر میں سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔
اشرافیہ کے مسلط کردہ ظالمانہ نظام کو مزید برداشت نہیں کریں گے: نعیم الرحمن



















