شہری علاقوں میں تجاوزات کا خاتمہ حکومت پنجاب اوّلین ترجیح ہے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل شہر میں جگہ جگہ تجاوزات کا نوٹس لے لیا۔ شہری علاقوں میں تجاوزات کا خاتمہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اسلئے پیرا فورس اور میونسپل کارپوریشن مشترکہ ٹیموں کی صورت میں موثر اور مربوط کارروائی کریں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پیرا فورس کی کارکردگی کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ایس ڈی ای او پیرا فورس نعمان قیصر، اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایس ڈی ای او پیرا فورس نعمان قیصر نے فورس کی موجودہ کارکردگی، انکروچمنٹ کے خلاف جاری کارروائیوں اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے حکومت پنجاب کے شہری سہولیات میں بہتری اور تجاوزات کے خاتمے سے متعلق جاری اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ انکروچمنٹ کے خلاف آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے اور رپورٹس باقاعدگی سے پیش کی جائیں۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے میونسپل کارپوریشن کو شہر بھر میں خراب سٹریٹ لائٹس فوری طور پر درست کرنے کے احکامات بھی جاری کیے تاکہ شہریوں کر رات کے اوقات میں محفوظ ماحول فراہم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی صفائی ستھرائی، خوبصورتی اور عوامی سہولیات کی بہتری اولین ترجیح ہے۔ کمشنر نے پیرا فورس کو فیلڈ میں متحرک رہنے، ٹیم ورک بہتر بنانے اور تمام محکموں کے باہمی تعاون کو مضبوط کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر کمشنر نے تمام اداروں کو جاری اقدامات کی سخت مانیٹرنگ اور فوری نتائج یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کے جائزہ اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، بغیر ترپال ریت لی جانے والی ٹرالیوں اور زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹہ خشت کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں کی جائیں،تعمیراتی جگہوں پر گرد و غبار روکنے کیلئے پانی کا چھڑکاﺅ بھی یقینی بنایا جائے،متعلقہ محکموں کو ہدایت، فضائی آلودگی اور سموگ فی زمانہ انسانی صحت کیلئے سنگین خطرہ ہیں جن میں کمی معاشرے کے تمام طبقات کی اجتماعی ذمہ داری ہے، شہریوں کو فضائی آلودگی کے خطرات بارے آگاہی دی جائے تاکہ مشترکہ کوششوں سے اس میں کمی کی جاسکے،کمشنرآفس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ،اے ڈی سی ریونیو ساہیوال اسامہ مجید چیمہ، اے ڈی سی جنرل اوکاڑا علیزے ریحان اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر عروشہ مقبول سمیت متعلقہ محکموں کے ڈویژنل وضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چیکنگ کایہ عمل پورے ڈویژن میں مسلسل جاری رکھا جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر عروشہ مقبول نے بتایا کہ 12 سے 18 نومبر کے دوران محکمہ ماحولیات نے ڈویژن بھر میں 144 بھٹہ خشت کی چیکنگ کی اور مختلف خلاف ورزیوں پر6 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ 2 کو سیل کیا اور 10 کو مسمار بھی کیا گیا، اسکے علاوہ مالکان کے خلاف 14 مقدمات بھی درج کرائے گئے -محکمہ نے اس عرصے کے دوران 42 صنعتی یونٹوں کی بھی چیکنگ کی اور 7 یونٹس کو 7 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ 9 کو سیل بھی کیا۔سیکرٹری آر ٹی اے واصف یاسین نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر دھواں چھوڑنے والی 761 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، 134 کو بند کیا گیا اور مجموعی طور پر 15 لاکھ 81 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔