ہتھیاروں کے کنٹرول، جوہری سلامتی پر پاکستان کی 4 قراردادیں منظور

نیویارک: (خواجہ فاروق) اقوام متحدہ نے پاکستان کی پیش کردہ ہتھیاروں کے کنٹرول اور جوہری سلامتی پر4 قراردادیں منظور کر لیں۔

پاکستان کے مستقل مشن کے بیان میں کہا گیا عالمی ادارے کی جنرل اسمبلی کی تخفیف اسلحہ و بین الاقوامی سلامتی کی پہلی کمیٹی نے پاکستان کی پیش کردہ 4 قراردادیں منظور کر لیں، علاقائی تخفیف اسلحہ، اعتماد سازی اور جوہری سلامتی کی یقین دہانیوں کے اقدامات شامل ہیں،پاکستان کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ میں جوہری تخفیف اسلحہ، علاقائی تخفیف اسلحہ، روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول اور اعتماد سازی اقدامات کے ترجیحی امور آگے بڑھانے کےلئے اقدامات کی قیادت کررہاہے۔

بیان میں مزید کہا گیا قراردادوں کو اپنانے سے منفی سلامتی کی یقین دہانیوں پر بین الاقوامی برادری کی ترجیحات کےساتھ تخفیف اسلحہ ،اسلحہ پر قابو پانے کے علاقائی نقطہ نظر کو اپنانے کی اہمیت کی تصدیق ہوتی ہے۔