آئینی عدالتیں بننی چاہئیں ،بلاول بھٹونے آرٹیکل 243 کی حمایت کردی

کراچی:(بیورورپورٹ)چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے آرٹیکل 243 کی حمایت ،دہری شہریت کے خاتمے، الیکشن کمشنرو ایگزیکٹو مجسٹریٹس پر ترامیم کی مخالفت کریں گے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا آئینی عدالتیں بننی چاہئیں ، میثاق جمہوریت کے دوسرے نکات پربھی عمل کیا جائے،میثاق جمہوریت میں بھی آئینی عدالتوں کا ذکر ہے،آئین کے مطابق ججوں کے تبادلے چیف جسٹس کے مشورے کےساتھ صدر مملکت کرتا ہے تاہم ترمیم کے بعد پارلیمانی کمیٹی ججوں کے تبادلے کرے گی،پیپلز پارٹی کا مشورہ ہے جس کورٹ سے جج کا تبادلہ ہورہا ہو تو دونوں چیف جسٹس صاحبان کو کمیٹی کا رکن بنا دیں پھر وہ کمیشن ججوں سے پوچھ بھی سکے گا۔

چیئرمین پی پی نے کہا حکومت سے رابطہ کریں گے، دیکھیں گے باقی نکات پر بھی اتفاق ہو،الیکشن کمیشن اور باقی آئینی ترمیم پر اتفاق رائے پیدا نہیں کرسکے،بلدیاتی نظام کو مضبوط دیکھناچاہتے ہیں، سب سے مضبوط بلدیاتی نظام سندھ میں ہے، پنجاب نے میئر لاہور کی پوزیشن ہی ختم کر دی۔

قبل ازیں پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں 27ویں ترمیم کے مجوزہ ڈرافٹ پراراکین مجلس عاملہ کواعتماد میں لیا گیا،قانونی و سیاسی کمیٹی کے اراکین نے مجوزہ ترامیم کی نوعیت اوراپنی سفارشات سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں ججز تقرری، ٹرانسفر کے معاملے پر حکومتی تجویز پر پیپلز پارٹی اراکین کی رائے تقسیم رہی،سی ای سی اراکین نے رائے دی ججز ٹرانسفر کا اختیار حکومت کو نہیں لینا چاہیے، ججز کے تقرر، تبادلے کا اختیار جوڈیشل کمیشن کے پاس رہنا چاہیے،عدلیہ کی کمزوری کا نقصان سیاستدانوں کو اٹھانا پڑے گا۔