خاتون وزیراعلیٰ کے ہوتے پولیس نے گھر سے بچیوں کو اٹھا کر تھانے بند کیا، جسٹس محسن کیانی


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) جھوٹے مقدمات بنانے میں ملوث پنجاب پولیس کے اہلکاروں کےخلاف تحقیقات کا حکم دےدیاگیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے پنجاب پولیس کا بچیوں کے اغوا میں ملوث ہونے کا معاملہ وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب کو بھیجنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا پنجاب کی وزیراعلیٰ خاتون ہیں اور اس کے باوجود پولیس اہلکاروں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر سے بچیوں کو اٹھا کر تھانے میں بند کیا،لاہور اور بہاولپور سے کم سن بچیوں اور والدہ کے اغوا کے بعد فیملی کےخلاف مقدمات درج کرنے کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو کمسن بچیوں کی والدہ کا بیان قلمبند کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔

عدالت نے حکم دیا ڈائریکٹر کرائمز ایف آئی اے پولیس اہلکاروں کے اغوا میں ملوث ہونے کی تحقیقات کےلئے جے آئی ٹی تشکیل دیں،جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس میں کہا رپورٹس جمع ہونے کے بعد ایف آئی اے کیس کی تفتیش کرے گی، اصل الزام پنجاب پولیس پر ہے کہ انہوں نے یہ سارا واقعہ کیا، کیس کی تحقیقات کیلئے خصوصی جے آئی ٹی ضروری ہے، خصوصی جے آئی ٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کی سربراہی میں ہوگی جو تحقیقات کرے گی، ویڈیو میں واضح ہے تین بچیوں اور والدہ کو اغواءکیا گیا، بچیوں کے والد نے جو بھی کیا سزا ملے گی، بچیوں اور والدہ کےساتھ کیوں زیادتی کی گئی؟ جعلی مقابلے کے بعد بچیوں کو چائلڈ پروٹیکشن سنٹر بھجوا گیا،عدالت نے ایس پی انویسٹی گیشن کو متاثرہ خاتون کا انٹرویو کرکے بیان قلمبند کرنے کی ہدایت کردی، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا رپورٹ وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب کو بھیجوں گا، عدالت نے کیس کی سماعت نومبر کے دوسرے ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی۔