پاکستان،قطر میں3ارب ڈالر سرمایہ کاری کا معاہدہ،تعاون کے پروٹو کولز طے
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان،قطر میں3ارب ڈالر سرمایہ کاری کا معاہدہ،تعاون کے پروٹو کولز طے پا گئے۔
چھٹے مشترکہ وزارتی کمیشن اجلاس کی صدارت وزیر تجارت جام کمال خان اور قطری وزیر تجارت شیخ فیصل بن ثانی نے کی،وفاقی اقتصادی امور کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی و تکنیکی تعاون کے متعدد پروٹوکولز پر دستخط ہوئے اور قطر کی جانب سے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ایس آئی ایف سی اور قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے درمیان براہ راست روابط مضبوط بنانے، ثقافت اور میڈیا کے شعبے میں ”ائیرآف کلچر“ پروگرام شروع کرنے پر اتفاق ہوا، اجلاس میں فلم، ڈرامہ، ثقافتی پروگراموں کی مشترکہ پروڈکشن کی حوصلہ افزائی کی گئی، ٹرانسپورٹ میں برقی، خودکار اور ہائیڈروجن گاڑیوں کی ٹیکنالوجی پر تعاون پر اتفاق ہوا، موٹروے اور انفرا اسٹرکچر منصوبوں میں قطری سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں طے کیا گیا پاکستان،قطر ایوی ایشن اتھارٹیز کے درمیان جلد مشاورتی اجلاس ہوگا، تعلیم و تربیت میں تعاون کےلئے ایگزیکٹو پروگرام تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا،ترجمان اقتصادی امور کے مطابق قطر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے درمیان شراکت پر زور دیا گیا اور ہنرمند پاکستانیوں کی قطر میں تعیناتی کےلئے نئے لیبر ایم او یو کی تیاری پر بات چیت ہوئی،اجلاس میں دونوں ممالک نے جے ایم سی کے فیصلوں پر عمل درآمد کےلئے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا۔



















