ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری اور سسٹم کی خامیاں دور کرکے ہی عوام کے مسائل حل ہوں گے اس لئے افسران کو چاہیے کہ وہ ادارہ جاتی اصلاحات پر توجہ دیں تاکہ عام آدمی کی مشکلات دور ہوں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ڈویژنل کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں آر پی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنرز شاہد محمود، احمد عثمان جاوید، آصف رضا، ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر الرحمن، ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈویژنل و ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اداروں میں موجود بدعنوانی کی شکایات ختم کرنے کیلئے قابل عمل تجاویز دی جائیں تاکہ انہیں دور کر کے ادارہ جاتی بہتری لائی جا سکے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنرز پر زور دیا کہ سوشل میڈیا کو عوام کی رہنمائی اور درست معلومات کی فراہمی کیلئے لیے استعمال کی ترغیب دینے کیلئے آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ اس کے استعمال کے منفی رجحان کو روکا جا سکے۔ انہوں نے ساہیوال ڈویژن میں بجلی چوری روکنے کی جاری مہم میں بھرپور مدد کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ بجلی چوری کی نشاندہی کیلئے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کو بہتر کیا جائے گا۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف کامیاب مہم پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ عارضی و مستقل تجاوزات روکنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں جاری رکھی جائیں۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے سیمن پروڈکشن یونٹ قادرآباد کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ادارے کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عبد الروف، ڈپٹی ڈائریکٹر اور متعلقہ افسران و عملہ شریک تھے۔ اجلاس کے دوران سیمن پروڈکشن یونٹ کی کارکردگی، لیبارٹری اور سٹوریج سہولیات کے ساتھ ساتھ سیمن کی تیاری کے خودکار (آٹومیٹک) اور دستی (مینول) نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل کو نیلی راوی، ساہیوال کیٹل بیل اور داھانی بیل کی نسلوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کیلئے ضروری ہدایات بھی دیں۔ بعد ازاں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے لائیو سٹاک ایکسپیریمنٹ اسٹیشن قادرآباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلیٰ نسل کے جانوروں کی افزائش، چارہ، ونڈا اور دیکھ بھال کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے نئی نسل کے جانوروں کی افزائش کے نظام اور سہولیات کو سراہا اور عملے کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ دورے کے دوران شجرکاری مہم کے تحت کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے سیمن پروڈکشن یونٹ کے لان میں پودا بھی لگایا اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ جدید سائنسی بنیادوں پر لائیو سٹاک کی ترقی سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے جس سے نہ صرف کسانوں کی آمدن بڑھے گی بلکہ ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔ دوسری طرف پنجاب حکومت نے گندم کے کاشتکاروں کو فصل کا بہتر معاوضہ دلانے کیلئے 3500 روپے فی من ریٹ مقرر کر دیا۔ گندم کی زیادہ پیداوار کیلئے کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ ڈویژن میں موجود 94 ہزار 5 سو ایکڑ سرکاری اراضی پر بھی گندم کاشت کی جائے۔ یہ ہدایات کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے گندم کی کاشت بارے ڈویژنل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شاہد محمود، احمد عثمان جاوید، آصف رضا، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر اور کسان نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ گندم پاکستان میں بنیادی غذا کے طور پر استعمال کی جاتی ہے اس لئے ملک کی فوڈ سکیورٹی کیلئے زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کی جائے۔ انہوں نے محکمہ زراعت پر زور دیا کہ فیلڈ افسران کسانوں سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ انہیں بروقت مشورے دے کر زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے ساہیوال ڈویژن کیلئے 8 لاکھ 36 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کا ہدف مقرر کیا ہے جو یکم نومبر سے شروع ہو گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈویژن کے 1193 دیہات میں گندم کاشت ہوتی ہے جہاں کسانوں کی تربیت کیلئے آگاہی پروگرام بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ کاشت کے دوران بیج اور کھاد کی مسلسل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسانوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے 5 ایل کے کاشتکاروں کو نہری پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی کیونکہ اس نہر کے دیہاتوں کا زمینی پانی قابل استعمال نہیں۔
سسٹم کی خامیاں دور کرکے ہی عوام کے مسائل حل ہوں گے: کمشنر ساہیوال


















