ڈیپریشن کم کرنے والی ادویات کی پہلی بار درجہ بندی

لندن (مشرق نیوز) حالیہ تحقیق میں ماہرین نے ڈیپریشن کم کرنے والی مختلف ادویات کے جسمانی اثرات کا جائزہ لیا ہے، جس سے معلوم ہوا کہ کچھ دوائیں وزن بڑھاتی ہیں جبکہ بعض دل کی دھڑکن میں نمایاں تبدیلی کا باعث بنتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مختلف ڈپریشن کم کرنے والی ادویات کے مضر اثرات کی پہلی بار درجہ بندی کی گئی ہے جس سے معلوم ہوا ہے کہ مختلف ادویات کے اثرات میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔ ماہرین نے یہ دیکھا کہ علاج شروع ہونے کے ابتدائی آٹھ ہفتوں میں ادویات کا مریضوں پر کیا اثر ہوا، کچھ ادویات سے مریضوں کا وزن تقریباً 2 کلو تک بڑھ گیا، جب کہ کچھ ادویات نے دل کی دھڑکن میں فی منٹ 21 دھڑکنوں تک فرق پیدا کیا۔

تحقیقی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مضر اثرات میں یہ فرق مریضوں کی مجموعی صحت اور ان کی علاج جاری رکھنے کی صلاحیت پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی یہ خبر پڑھ کر اپنی دوا بند نہیں کرنی چاہئے بلکہ ڈپریشن کم کرنے والی ادویات کو ہر شخص کی ضرورت کے مطابق زیادہ درست طریقے سے تجویز کیا جانا چاہئے۔

تحقیقی ماہر پروفیسر اولیور ہاوس نے کہا کہ ڈیپریشن کم کرنے والی ادویات کے درمیان بہت فرق ہے اور یہ صرف انفرادی مریضوں کیلئے نہیں بلکہ پوری آبادی کیلئے اہم ہے کیونکہ اگر چھوٹے فرق بھی ہوں تو وہ مجموعی طور پر بڑے اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔

ہم ہمیشہ سے جانتے ہیں کہ ڈپریشن کم کرنے والی ادویات جسمانی صحت کو متاثر کرتی ہیں، تاہم کنگز کالج لندن اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی یہ تحقیق پہلی ہے جس نے ان اثرات کی درجہ بندی کی تاکہ ادویات کے مابین موازنہ آسانی سے کیا جاسکے۔

تحقیقی ٹیم نے 30 عام طور پر استعمال ہونے والی ڈپریشن کم کرنے والی ادویات پر مشتمل 151 مطالعات کا تجزیہ کیا، جن میں 58 ہزار 500 سے زائد مریض شامل تھے۔ ہر شخص میں مضر اثرات ظاہر نہیں ہوتے لیکن لانسٹ میڈیکل جرنل میں شائع نتائج کے مطابق آٹھ ہفتوں تک ایگو میلاٹین کے استعمال سے اوسطاً 2.4 کلو وزن میں کمی دیکھی گئی، جبکہ میپروٹیلین سے تقریباً 2 کلو وزن بڑھا۔

دل کی دھڑکن میں بھی فرق دیکھا گیا، فلوووکزامین دل کی رفتار کو کم کرتی ہے، جبکہ نورٹرپٹیلین اسے بڑھاتی ہے، دونوں میں فی منٹ 21 دھڑکنوں کا فرق پایا گیا، بلڈ پریشر میں بھی نورٹرپٹیلین اور ڈوکسیپین کے درمیان 11 ملی میٹر مرکری کا فرق دیکھا گیا۔

کنگز کالج لندن کے ڈاکٹر اتھیشان اروموہم نے کہا کہ واضح ہے کہ ڈپریشن کم کرنے والی تمام ادویات ایک جیسی نہیں ہوتیں، ان کے فرق بعض اوقات کلینیکل طور پر اہم ہوجاتے ہیں، مثلاً دل کے دورے یا فالج کے خطرات میں اضافہ، اس کا مطلب ہے کہ ایک ہی بیماری کی تشخیص والے افراد کے لیے مختلف ڈپریشن کم کرنے والی ادویات زیادہ موزوں ہوسکتی ہیں، ان کی اپنی جسمانی حالت یا ترجیحات کے لحاظ سے۔

ڈاکٹر ٹوبی پلنجر نے بتایا کہ زیادہ تر مطالعات قلیل المدتی تھے، تقریباً آٹھ ہفتوں پر مشتمل، لیکن اس دوران بھی جسمانی صحت کے پیمانوں میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں جو طبی لحاظ سے اہم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ یہ خبر لوگوں کو خوفزدہ کرے اور اس کا مقصد لوگوں کو بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ اپنے معالج کے ساتھ مل کر بہتر فیصلہ کرسکیں۔