عمران ، وزیراعلیٰ ملاقات ناگزیر، صوبے کو کابینہ کے بغیر نہیں چھوڑا جاسکتا، بیرسٹر گوہر


راولپنڈی:(بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے عمران خان،نئے وزیراعلیٰ کی ملاقات ناگزیرہے اگر ملاقات نہیں ہوتی تو صوبے کو کابینہ کے بغیر نہیں چھوڑا جاسکتا۔

صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا پارٹی نے مختصر کابینہ تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا، پوری کابینہ کی توسیع کیلئے بعد میں عمران خان سے اجازت لی جائےگی، وزیراعلیٰ خود دیکھیں گے کابینہ میں شامل ہونے کیلئے کون زیادہ اہل ہے، امید تو یہی ہے ہائی کورٹ کی اجازت سے وزیر اعلیٰ کی ملاقات ہوجائے، مجھے نہیں معلوم کے پی حکومت کو کتنی بلٹ پروف گاڑیاں دی گئیں، معلوم ہوا ہے جو گاڑیاں دی گئیں وہ یو این کے استعمال میں تھیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا پی ٹی آئی ہر قسم کی دہشت گردی کےخلاف، دہشتگردی کےخلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل ضروری ہے، نیشنل ایکشن پلان میں درج ہے دہشت گردی کےخلاف صوبوں کی استعداد بڑھائی جائےگی، وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کے پی کو بہترین گاڑیاں فراہم کریں، دہشت گردی کے مسئلے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے کیلئے ٹائم فریم ہونا چاہیے ، بے عزت کرکے واپس روانہ کرنے کے بجائے عزت سے بھیجا جائے، ہم چاہتے ہیں یہ لوگ واپس جاکر ہمارے لیے خطرہ نہ بنیں، ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہم سے ہے، پاکستان کےخلاف افغانستان سمیت کوئی بھی زمین استعمال نہیں ہونی چاہیے۔